0
Monday 9 Dec 2013 18:02

شہبازشریف کا فرقہ واریت پر مبنی وال چاکنگ، بینرز اور پوسٹرز فی الفور ہٹانے کا حکم

شہبازشریف کا فرقہ واریت پر مبنی وال چاکنگ، بینرز اور پوسٹرز فی الفور ہٹانے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، بلال یاسین، مشیر خواجہ سلمان رفیق، ایم این اے افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلا س میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک اور فعال کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ نے مولانا شمس معاویہ قتل کیس کی تفتیش کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شمس معاویہ قتل کیس کے ملزموں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کے سدباب کیلئے بھی تمام ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آج جن حالات کا سامنا ہے اس کے پیش نظر بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں فرقہ واریت پر مبنی وال چاکنگ، بینرز اور پوسٹرز فی الفور ہٹائے جائیں اور اشتعال انگیز تقاریر کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد بھی سختی سے یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے حضرت امام حسین(ع) کے چہلم اور حضرت علی ہجویری(رہ) کے عرس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کرسمس پر بھی سکیورٹی کے مؤثر ترین انتظامات یقینی بنائیں ۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری داخلہ نے امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 328894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش