0
Monday 16 Dec 2013 19:24

شہید علامہ ناصر عباس کی نماز جنازہ ادا، میت تدفین کیلئے ملتان روانہ

شہید علامہ ناصر عباس کی نماز جنازہ ادا، میت تدفین کیلئے ملتان روانہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے 14 گھنٹے دھرنا دینے کے بعد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماء علامہ ناصر عباس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی اور میت ہیلی کاپٹر پر ملتان روانہ کر دی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ اتوار کی رات بارہ بجے کے قریب شادمان میں مجلس عزا سے خطاب کے بعد گھر جاتے ہوئے علامہ ناصر عباس کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار دو افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ اُن کے قتل کے خلاف مظاہرین نے پیر کی علی الصبح 3 بجے گورنر ہاؤس کے سامنے میت رکھ کر دھرنا دے دیا۔ شرکاء اس موقع پر شدید نعرہ بازی اور سینہ کوبی کرتے رہے۔ صبح ڈی آئی جی آپریشنز کے ساتھ مظاہرین کے مذکرات ہوئے، جس کے بعد علامہ ناصر عباس کی میت کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دھرنا جاری رہا۔ 
پوسٹ مارٹم کے بعد علامہ ناصر عباس کی میت امام بارگاہ قصر بتول شادمان پہنچا دی گئی۔ شام ساڑھے چار بجے ان کی میت گورنر ہاؤس کے سامنے لائی گئی اور نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز جنازہ کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور علامہ ناصر عباس کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے تدفین کے لئے ملتان روانہ کر دی گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علامہ ناصر عباس کو چار گولیاں لگیں، سر پر لگنے والی گولی ان کی موت کا سبب بنی۔ گارڈن ٹاؤن تھانے میں علامہ ناصر عباس کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 331257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش