0
Monday 23 Dec 2013 19:22

حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کا چہلم کل انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کا چہلم کل انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ سیدالشہدا حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کا چہلم کل بمطابق 20 صفر المظفر بروز منگل کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں شبیہ علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائے گا جن میں علما ء اور ذاکرین شہدا ئے کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ جلوس کے راستوں پر تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے جبکہ جلوس کے روٹ کی طرف سے آنیوالے تمام راستے عام ٹریفک کیلئے بند رہیں گے اور پیدل آمدورفت روکنے کیلئے خاردار تاریں بچھائی جائیں گی۔ حساس شہروں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ چہلم کے جلوسوں میں شریک عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے جنہیں طبی امداد کیلئے راستوں میں موبائل میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے جائینگے جبکہ چہلم کے روز کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی انتظامات عاشورہ محرم کی طرز پر کئے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے مانیٹرنگ کا سخت نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں چہلم کے موقع پر جلوس کی سکیورٹی کیلئے پولیس، ایف سی اور بی آر پی کے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ شہر کے پہاڑوں پر لیویز کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔ پاک فوج بھی شہر کے تین مقامات پر سٹینڈ بائی رہے گی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع نے بتایا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رہے گی، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں اپنی اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدیات کر دی گئی ہے۔ کراچی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور سمیت دیگر شہروں میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

ذرئع کے مطابق راولپنڈی میں حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے جلوس کیلئے سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا، فوج اور رینجرز کے دستے شہر میں پہنچ گئے ہیں۔ راجہ بازار کے تمام داخلی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں چہلم حضرت امام حسین (ع) کے جلوس کے ساتھ رینجرز اور پولیس کے دستے تعینات ہوں گے جبکہ فوجی دستے جلوس کے قریب ترین سٹینڈ بائی رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق جلوس کے راستوں کے اطراف موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہو گی اور جلوس کے قریب گاڑیاں کھڑی کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس ہائی الرٹ اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔ علاوہ ازیں کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی شہداء کربلا کے چہلم کے سلسلہ میں جلوس برآمد ہوئے جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 333536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش