0
Wednesday 25 Dec 2013 21:54

آئین، قانون اور انسانی حقوق پامال کرنے والوں نے اقلیتوں کو حقوق سے محروم رکھا ہے، لیاقت بلوچ

آئین، قانون اور انسانی حقوق پامال کرنے والوں نے اقلیتوں کو حقوق سے محروم رکھا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں پاکستان سے محبت کرنے والا اہم ترین حصہ ہیں۔ آئین، قانون اور انسانی حقوق پامال کرنے والوں نے اقلیتوں کو حقوق سے محروم رکھا ہے۔ جماعت اسلامی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنا اور ٹیکس کی رقم کا صحیح استعمال ملک و ملت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی ٹیکس نادہندگی اور جمع شدہ دستاویز میں تضادات عوام کے لیے ہوشربا ہیں۔ ٹیکس کسی بھی ملک کا نظم و نسق چلانے اور تعمیرو ترقی کے منصوبوں کے لیے ناگزیر ذریعہ ہے۔ منظم اور مہذب سوسائٹی میں ٹیکس کی ادائیگی قومی فریضہ ہوتاہے۔ ٹیکس نادہندگی اور ردوبدل کی رپورٹس تو شائع ہوگئی ہیں جن کے نام فہرست میں شامل ہیں انہیں وضاحت اور صفائی کا پورا موقع دیا جائے یکطرفہ طور پر ممبران اور جمہوریت کو نشانہ بنانا خود ملک کے لیے بھی اچھا نہیں۔ ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس کی دستاویز میں تضادات کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔ یہ امر یقینی ہے کہ ممبران پارلیمنٹ اور اسمبلی ممبران قومی معاشی ترقی کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں ان کا مثالی رویہ معیشت، جمہوریت اور شفافیت کے لیے مثبت اثرات پیدا کرے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ لاہور میں مہنگائی کے خلاف ریلی اور پشاور میں دفاع پاکستان کونسل کے قومی جرگہ کے اعلانات سے حکومت اور وزراء پریشان اور ہواس باختہ ہو گئے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، یوٹیلٹی بلز میں ہوشربا اضافہ پر جمہوریت اور سیاست میں اپوزیشن کے پاس پرامن احتجاج کا حق ہوتا ہے۔ احتجاجی ریلی اور قومی جرگہ نے معیشت کی زبوں حالی سے عوام کی چیخ و پکار اور ملک کی آزادی و خود مختاری کے خلاف حکومتی ناکامی پر حکومت کو پوری قوت سے متوجہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں حکومتی پری پول ریگنگ کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلٹ پروف گاڑیوں، مضبوط ترین بنکرز اور محض میڈیا رونمائی کی بجائے میدان میں آئیں، عوام کے دکھ درد کا احساس کریں وگرنہ پورا ملک سول نافرمانی اور انارکی کا شکار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کرے۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاپتہ افراد کے خاندانوں کو لاوارث نہ سمجھا جائے۔ سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ملک گیر احتجاج منظم کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 334290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش