0
Saturday 4 Jan 2014 10:20

بھارت سے دوستی نہیں کرنے دینگے، بیرسٹر سلطان

بھارت سے دوستی نہیں کرنے دینگے، بیرسٹر سلطان

اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر یرسٹر لطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کی قیمت پر نواز شریف کو بھارت سے دوستی نہیں کرنے دیں گے۔ ایل او سی پر دیوار کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے، خطے میں لوٹ مار کرنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ کمزور بیساکھیوں کے سہارے چلنے والے زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکیں۔ نوسر بازوں کے جانے کا وقت قریب آچکا ہے۔ چور اچکوں کو خطے کی دولت نہیں لوٹنے دوں گا۔ مسئلہ کشمیر کی اندرون ملک اور بیرونی دنیا میں بھرپور وکالت کر رہا ہوں، میں عوامی حقوق کا محافظ بھی ہوں۔ بھٹو کے نظریات و افکار کا پیروکار بھی اور شہید بی بی کے مشن منشور کی تکمیل کے لیے عملی جدوجہد بھی کر رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چھتران میں چوہدری یعقوب خان کی رہائشگاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مسئلہ کشمیر پر معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کرے۔ بھار ت کشمیر کی سرزمین پر دیواریں لگا کر اور کشمیریوں پر گولیاں برسا کر تحریک آزاد ی کشمیر کو نہ تو سرد کر سکتا ہے اور نہ ہی ہمیں اپنے مشن سے روک سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی طرف سے ہندوستان کو ویزا پالیسی نرمی کرنے کا بیان کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہا ہے۔ کشمیر ی اس خونی لکیر کو تسلیم نہیں کریں گے۔ مسئلہ کشمیر اگر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہ ہوا تو دونوں ملک ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے ایک لمحہ میں کروڑوں انسان لقمہ اجل بن جائیں گے۔ 

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ مجید حکومت نے اپنے اقتدار اور مفاد کی خاطر حکومت اور جماعت دونوں کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔ وہ ذاتی ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں۔ اب کرپشن، لوٹ مار، اقرباء پروری کی وجہ سے ان کے اقتدار کی کشتی آخری ہچکولے کھا رہی ہے۔ جماعت کو ڈی ٹریک کرکے ذات کو پروجیکٹ کرنے والے نہ ملک،  نہ قوم کے اور نہ ہی جماعت کے خیرخواہ ہو سکتے ہیں۔ 

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے حکومتی وسائل ناجائز استعمال کرنے والوں کو بے نقاب بھی کر دیا ہے اور کرپشن کے تمام ثبوت اعلیٰ قیادت کو مہیا کر دئیے ہیں۔ نظریاتی کارکن اور عوام جلد ہی ایک خوشخبری سنیں گے۔ اعلی قیادت نے نوٹس لے لیا ہے اور فیصلہ جلد ہی آنے والا ہے۔اس موقع پر ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب حسین، سابق مشیر حکومت چوہدری اخلاق حسین، اشفاق ایڈووکیٹ، عنصرایڈووکیٹ، سردار عتیق سخاوت، چوہدری یعقوب، چوہدری ایوب، محمد تعظیم، چوہدری صادق، چوہدری تاج، حسنین علی اختر، ذوالفقار وٹو، دل محمد چوہدری اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔

خبر کا کوڈ : 337278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش