0
Tuesday 7 Jan 2014 23:35

بلوچستان سے نقل مکانی کرنیوالوں کی بحالی کا کام شروع ہو چکا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بلوچستان سے نقل مکانی کرنیوالوں کی بحالی کا کام شروع ہو چکا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ مخلوط صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں میں مکمل اتحاد اور ہم آہنگی موجود ہے اور تمام معاملات باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔ وہ پیر کے روز مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے، جس نے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے اقتدار قبول کرکے اپنا سیاسی کیریئر داؤ پر لگا لیا ہے۔ جس کا واحد مقصد بلوچستان کے مظلوم اور بےبس عوام کے حالات کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ اگر وہ اپنے مقاصد میں ناکام ہوئے تو یہ صرف ان کی نہیں متوسط طبقہ اور عام آدمی کی سیاست کرنے والوں کی ناکامی ہو گی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ گڈ گورننس کا قیام ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور باہمی مشاورت کے ساتھ تمام سیاسی و سماجی معاملات پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بےدخل کئے گئے لوگوں کی دوبارہ آباد کاری و بحالی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ اور دیگر علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ کوئٹہ کی خوبصورتی کی بحالی کے حوالے سے وزیراعلٰی نے بتایا کہ ان کی حکومت شہر کی صورتحال کی بہتری اور شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے دس نکاتی پروگرام پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سریاب فلائی اوور کا کام تیز کر دیا گیا ہے، جو جون تک مکمل ہو جائے گا اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبے بھی جلد از جلد مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتیں ملکر ہی مسائل حل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی فنڈز جاری کئے جا رہے ہیں اور جن منصوبوں پر تحفظات ہیں، ان کے فنڈز بھی ضروری چھان بین کے بعد جاری کر دیئے جائیں گے۔ وفاقی پی ایس ڈی پی کے حوالے سے وزیراعلٰی نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لیے 45 ارب روپے رکھے گئے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ مختص رقم جاری کی جائے۔

خبر کا کوڈ : 338641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش