0
Wednesday 8 Jan 2014 19:59

سرور کونین (ص) کا میلاد کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے، علامہ طاہر القادری

سرور کونین (ص) کا میلاد کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے، علامہ طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ سرور کونین (ص) کا میلاد کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے اور اس کی جتنی بھی خوشی منائی جائے کم ہے، ماہ ربیع الاول اس عظیم نعمت کا شکر بجا لانے کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آقا (ص) کی ولادت کا جشن منانا ایمان کا تقاضا ہے۔ حضور (ص) کی ذات سے عشق کا اظہار کرنے کا بہترین موسم آگیا ہے، تحریک کے کارکن آقا (ص) کی خوشی دیوانہ وار منائیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 2014ء کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈا پور، شیخ زاہد فیاض، ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، چوہدری افضل گجر، شہزاد رسول، مختلف نظامتوں کے ناظمین اور 70 سے زائد انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

سربراہ میلاد کانفرنس 2014ء شیخ زاہد فیاض نے علامہ طاہر القادری کو اس موقع پر مینار پاکستان پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس برس بھی دنیا بھر سے مشائخ عظام اور علمائے کرام کثیر تعداد میں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے اس حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آقا کے میلاد پر دنیا ئے اسلام کے سب سے بڑے اجتماع کو کامیاب ترین بنانے کیلئے کارکن دن کا چین، رات کی نیند حرام کر لیں اور صرف لاہور سے لاکھوں افراد کی مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں سرور کونین (ص) کے عشق کا پیغام عام کرنے میں مصروف ہے، مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں آقا (ص) کے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکن اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ سرور کونین (ص) کی ولادت کا سب سے بڑا پروگرام لاہور میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آقا (ص) کا ہی کرم ہے کہ دنیا کے سو سے زائد ممالک میں تحریک کے قائم کردہ اسلامک سنٹرز عشق مصطفٰی (ص) کا پیغام عام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اہل پاکستان خوش نصیب ہیں جو ہر سال انہیں عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کے انعقاد کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضور (ص) سے تعلق عشق کی بحالی اور مضبوطی پر بھرپور محنت کی جائے، تاکہ اللہ کی ناراضگی ختم ہو اور ہماری اجڑی زندگیوں میں بہار لوٹ آئے۔
خبر کا کوڈ : 338994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب