0
Friday 10 Jan 2014 17:29

چودھری اسلم کی شہادت دہشت گردوں کی موت ثابت ہو گی، اہلسنت رہنماؤں کا خراج تحسین

چودھری اسلم کی شہادت دہشت گردوں کی موت ثابت ہو گی، اہلسنت رہنماؤں کا خراج تحسین
اسلام ٹائمز۔ مختلف دینی راہنماؤں نے کراچی میں شہید ہونیوالے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری محمد اسلم شہید کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ چوہدری محمد اسلم شہید پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ لیاری ایکسپریس وے کا نام چوہدری محمد اسلم شہید روڈ رکھا جائے۔ چوہدری محمد اسلم کی شہادت کے ذمہ دار دہشت گردوں کے حامی ہیں۔ چوہدری محمد اسلم دہشت گردوں کیخلاف جہاد کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ ان کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی نے کہا ہے کہ چوہدری محمد اسلم شہید ملک و قوم کا بہترین اثاثہ تھے۔ ان کی شہادت ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وہ وطن اور اہل وطن پر قربان ہو گیا۔ چوہدری محمد اسلم دلیر، جرأت مند اور بے باک پولیس آفیسر تھے۔ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ مرکزی جے یو پی کے سربراہ علامہ محمد شریف رضوی نے کہا ہے کہ چوہدری محمد اسلم شہید جنتی اور ان پر حملہ کرنے والے جہنمی ہیں۔ ان کے کارنامے کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے۔ ہر پولیس افسر کو چوہدری محمد اسلم کے نقش قدم پر چلنا ہو گا اور ان کے کردار و عمل کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔ انجمن طلبائے اسلام پاکستان کے مرکزی صدر اسد خان جدون نے کہا ہے کہ چوہدری محمد اسلم دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے سامنے سر نہ جھکا کر جرأت و بہادری کی مثال قائم کی ہے۔ چوہدری محمد اسلم شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کی شہادت دہشت گردوں کی موت ثابت ہو گی۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا ہے کہ چوہدری محمد اسلم شہید نے کراچی میں قیام امن کے لیے تاریخی خدمات سرانجام دیں۔ وہ ہمیشہ شہادت کے آرزومند رہتے تھے۔ سنی اتحاد کونسل عیدمیلادالنّبی کے ہر جلسے میں چوہدری محمد اسلم شہید اور دوسرے قومی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرے گی اور پورے ملک میں چوہدری محمد اسلم کی یاد میں اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ اسلامک ریسرچ کونسل کے صدر مفتی محمد کریم خان نے کہا ہے کہ چوہدری محمد اسلم نے بہادروں کی طرح جان دی۔ پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ ملک ایک دلیر افسر سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایک شان کے ساتھ زندگی گزاری۔ وہ ایک شیردل انسان تھے۔ ان کی شہادت سے پوری قوم سوگوار اور غمزدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 339681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش