0
Monday 10 Feb 2014 11:47

وزراء اور بیوروکریسی کو کرپشن کی اجازت دیکر وزارت عظمٰی کو داغدار نہیں کرنا چاہتے، میر حاصل خان بزنجو

وزراء اور بیوروکریسی کو کرپشن کی اجازت دیکر وزارت عظمٰی کو داغدار نہیں کرنا چاہتے، میر حاصل خان بزنجو

اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی نظریاتی سیاسی جماعت ہے۔ جو سیاسی جدوجہد اور بات چیت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ کارکن پارٹی کا عظیم سرمایہ ہیں جن کی کئی سالوں کی جدوجہد کے نتیجے میں نیشنل پارٹی کو وزارت اعلٰی ملی ہے۔ نیشنل پارٹی جس دن پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعلٰی بلوچستان کے نقش قدم پر چلی وہ دن ہماری وزارت اعلٰی اور اقتدار کا آخری دن ہو گا۔ نیشنل پارٹی میں شمولیت کے لئے بلوچستان بھر سے منتخب عوامی نمائندے آنے کے لئے تیار بیٹھے تھے۔ نیشنل پارٹی انہیں شامل کرکے اکثریتی پارٹی بن جاتی لیکن وزیراعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کڑوا گھونٹ نہیں پیا۔ کارکن مایوس نہ ہوں، مسائل حل ہونگے۔ میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ نیشنل پارٹی غریب مظلوموں اور متوسط طبقے کی جماعت ہے۔ جو اپنے فیصلے کارکنوں پر تھوپتی نہیں ہے بلکہ کارکنوں کے فیصلوں کو اہمیت دیتی ہے کیونکہ کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کارکنوں کی کئی سالوں کی جدوجہد کے بعد ہی پارٹی کو وزرات اعلٰی ملی ہے، جس کو داغ دار نہیں بنانا چاہتے، اب ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے بلوچستان کی عوام کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی کسی صورت بھی نہ تو وزراء اور نہ ہی بیوروکریسی کو کرپشن کی اجازت دے گی۔ نیشنل پارٹی صاف و شفاف سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انتخابات کے بعد بعض منتخب عوامی نمائندے نیشنل پارٹی میں شامل ہو کر وزرات کا مزہ لینا چاہتے تھے لیکن وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نظریاتی امیدواروں کو ترجیحی دی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی کارکردگی کو مسلم لیگ (ق) و دیگر سیاسی جماعتوں کے برابر قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں رکھتے ہیں۔ نیشنل پارٹی کے دور حکومت نے عوام کے لئے وزیراعلٰی کی طرف آنے والے تمام دروازے کھول دیئے ہیں، جو ماضی کی دور حکومت میں عوام کے لئے بند تھے۔

خبر کا کوڈ : 350022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش