0
Tuesday 11 Feb 2014 19:13

پشاور، شمع سینما میں دستی بم حملوں میں 12 افراد ہلاک

پشاور، شمع سینما میں دستی بم حملوں میں 12 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شمع سینما میں ہونے والے تین دھماکوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے سینما میں دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جس وقت دھماکا ہوا وہاں 60 سے 70 افراد سینما کے اندر شو دیکھ رہے تھے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے میڈیا کے ترجمان جمیل شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے سے ہلاک ہونے والے 11 افراد کی لاشیں ہسپتال میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے 19 زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 2 افراد کی حالت نازک ہے۔ بعدازاں زخمیوں میں سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جسکے بعد ہلاکتوں کی تعداد اب 12 ہوگئی ہے۔ ایک عینی شاہد رحیم نے بتایا کہ وہ سینما میں پشتو کی فلم ارمان دیکھ رہا تھا کہ اسی دوران دھماکا ہوا اور تیزی سے باہر کی جانب بھاگا۔ رحیم نے مزید بتایا کہ ابھی وہ باہر پہنچا بھی نہ تھا کہ اسی دوران مزید دو دھماکوں کی آواز سنائی دی اور سینما میں ہر طرف گرد وغبار کے بادل چھا گئے۔ دوسری جانب سی سی پی او پشاور اعجاز احمد کے مطابق دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سینما میں ہونے والے دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے، دھماکے چینی ساختہ دستی بموں سے کیے گئے۔

اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ ایک بم سے سینما کے اگلے حصے جبکہ 2 سے پچھلے حصے کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے باعث سینما کے اندر اسکرین اور سیٹوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ عمارت بھی کافی متاثر ہوئی۔ ابھی تک دھماکوں کی نوعیت کا علم نہیں ہو سکا جبکہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ یہ پشاور میں سینما کو نشانہ بنانے کا پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل رواں ماہ دو فروری کو قصہ خوانی بازار کے قریب واقع پکچر ہاؤس سینما گھر کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں کم ازکم 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے پکچر ہاؤس سینما کو حملے کے حوالے سے خطرات سے آگاہ کر دیا گیا تھا لیکن شمع سینما کو ایسی کوئی وارنگ جاری نہیں کی گئی تھی جبکہ شمع سینما کے حکام کا بھی کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک اس حوالے سے کوئی دھمکی نہیں ملی تھی۔
خبر کا کوڈ : 350596
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش