0
Thursday 20 Feb 2014 01:37

دہشتگردی ایک لعنت ہے جس نے اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، محمد اکرم ذکی

دہشتگردی ایک لعنت ہے جس نے اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، محمد اکرم ذکی
رپورٹ: آئی اے خان

سابق سینیٹر و سیکرٹری جنرل وزرات خارجہ پاکستان محمد اکرم ذکی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ضروری ہے کہ اپنے موقف پر ڈٹ کر پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے۔ حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ یکے بعد دیگر ے نت نئے محاذ کھولے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے چین سے سبق لینے کی ضروت ہے جس نے نہایت پرامن طریقے سے مضبوط موقف کی بنیاد پر اپنے مسائل حل کئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفرآباد کے علاقے دولائی سے آئے ہوئے جماعت الدعوۃ کے 30 رکنی طلباء گروپ کو لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ جماعت الدعوۃ کی شاخ مصعب بن عمیر گروپ کا یہ بیج ان طالب علموں پر مشتمل ہے جنہوں نے دینی تعلیم مکمل کرلی ہے، اور تاریخ و جغرافیہ میں تعلیم حاصل کرکے سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کر رہا ہے۔
مظفرآباد کے علاقے دولائی سے اپنے انسٹرکٹر حمید اللہ جان کے ہمراہ آنیوالا یہ گروپ پاکستان کی کئی اعلٰی شخصیات کے لیکچرز سے استفادہ کرچکا ہے، جن میں جنرل ریٹائرڈ حمید گل اور سینیٹر محمد اکرم ذکی بھی شامل ہیں۔ انسٹرکٹر حمید اللہ جان نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ان طالب علموں پر اساتذہ نے شبانہ روز محنت کی ہے، لہذا ہمیں امید ہے کہ طالب علموں کا یہ گروپ مقابلے کے امتحان میں نمایاں پوزیشن لیکر اعلٰی سرکاری عہدوں پہ اپنی خدمات دین اسلام اور پاکستان کیلئے وقف کرے گا۔
 
طالب علموں کے اس گروپ کو لیکچر دیتے ہوئے محمد اکرم ذکی نے کہا کہ جرات اور بزدلی ہی شکست و فتح کا فیصلہ کرتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تاریخی المیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1971ء بھارتی جنرل تین ہزار فوجیوں کے ہمراہ جنرل نیازی سے مذاکرات کے لیے آیا تھا، مگر جنرل نیازی کی باڈی لینگوئج دیکھ کر اس نے کہا کہ میں سرنڈر کرانے آیا ہوں اور اس وقت بیس ہزار فوج نے تین ہزار کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ اکرم ذکی نے مزید کہا کہ دہشت گردی نے اسلام اور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ آپ لوگوں نے ابھی دین کی تعلیم حاصل کی ہے۔ نئے علماء کو یہ سمجھنا ہوگا کہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرکے ہی ہم اسلام کا بول بالا کرسکتے ہیں اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 353554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش