0
Monday 10 Mar 2014 10:40

یوکرین کا بحران مصنوعی ہے، سرگے لاوروف

یوکرین کا بحران مصنوعی ہے، سرگے لاوروف
اسلام ٹائمز۔ روس کے وزیرِ خارجہ سرگے لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرین کا بحران مصنوعی ہے اور اسے خطے کی سیاست کے تناظر میں پیدا کیا گیا ہے۔ انھوں نے روس کے یوکرین کی عبوری حکومت سے رابطوں کی تصدیق کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ کیئف دائیں بازو کے قدامت پسندوں کے زیرِ اثر ہے۔ سرگے لاوروف نے کہا کہ روس یوکرین کے معاملے پر مغربی ممالک سے مزید بات چیت کے لیے تیار ہے بشرطیکہ یہ بات چیت ’ایمانداری اور کسی ساتھی سے ہونے والی بات چیت جیسی ہو۔‘

اس سے قبل جمعے کو روس نے امریکہ سے کہا تھا کہ وہ یوکرین کے مسئلے کی وجہ سے جلدبازی میں ایسے فیصلے کرنے سے گریز کرے جن سے امریکہ اور روس کے باہمی تعلقات متاثر ہو سکتے ہوں۔

سرگے لاوروف نے جان کیری کو متنبہ کیا کہ روس کے کرائمیا میں اقدامات کی وجہ سے اگر اس پابندیاں لگائی گئیں تو ان کے نتائج پابندیاں لگانے والوں کو بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ روس نے یہ بھی کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے پابندیاں لگائی گئیں تو وہ بھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔ روسی فوج نے یوکرین کے روس نواز صدر کی معزولی کے بعد سے نیم خودمختار جزیرہ نما کرائمیا کا کنٹرول سنبھالا ہوا ہے۔ امریکہ نے اسے روس کی ’جارحیت‘ قرار دیا ہے اور فوج واپس نہ بلانے پر روس کو سفارتی و اقتصادی پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔

کرائمیا کی پارلیمان نے روس سے الحاق کے لیے علاقے میں 16 مارچ کو ریفرینڈم منعقد کروانے کا اعلان بھی کیا ہے تاہم یوکرین، امریکہ اور یورپی ممالک نے اس عمل کو عالمی قانون کی خلاف ورزی اور غیرقانونی قرار دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 359871
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش