0
Friday 14 Mar 2014 23:45

افغانستان اور پاکستان کو ایکدوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

افغانستان اور پاکستان کو ایکدوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے اور افغانستان کے برادرانہ اسلامی، تاریخی، ثقافتی رشتے ہیں۔ دونوں ممالک ایک جیسی مشکلات کا شکار ہیں اور دونوں ملکوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ دونوں ممالک پسماندگی، غربت، تعلیم اور صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اور اس کے عوام تاریخی، ثقافتی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام پورے خطے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیئے۔ وزیراعلٰی نے زور دے کر کہا کہ امن کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو خطیر رقم ہم سکیورٹی پر خرچ کر رہے ہیں اگر وہ تعلیم کے فروغ اور غربت کے خاتمے پر خرچ ہوتی، تو آج صورتحال قطعی مختلف ہوتی۔ وزیراعلٰی نے دونوں ملکوں کے درمیان قانونی تجارت کو اپنانے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے لیے سودمند ہوگی۔ انہوں نے دونوں برادر ملکوں میں کلچر اور تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 30 سالہ افغان جنگ نے معیشت کے ساتھ ساتھ ہماری نسلوں کو بھی تباہ اور تعلقات کو بھی متاثر کیا۔ وزیراعلٰی نے افغان حکومت کی جانب سے میر گل خان نصیر کے حوالے سے سیمینار منعقد کرانے پر شکریہ ادا کیا اور افغان عوام اور حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر افغان قونصل جنرل نے بلوچستان میں افغان قیدیوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام نے مشکل وقت میں افغان عوام کی بھرپور مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں اور ہم یکساں طور پر دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد اور وزیراعلٰی کے پرنسپل سیکرٹری محمد نسیم لہڑی بھی موجود تھے۔

خبر کا کوڈ : 361736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش