0
Monday 17 Mar 2014 10:07

متاثرین ریزنگ پراجیکٹ کے تمام خدشات و تحفظات دور کریں گے، چوہدری عبدالمجید

متاثرین ریزنگ پراجیکٹ کے تمام خدشات و تحفظات دور کریں گے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ متاثرین منگلا ڈیم کے تمام معاملات کو یکسو کیا جا رہا ہے اور ریزنگ معاہدے کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ متاثرین منگلا ڈیم نے دوسری بار پاکستان کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی کی قبریں پانی کی نذر کیں۔ یہ اہلیان میرپور کی پاکستان سے جذباتی وابستگی کا اظہار ہے، حکومت متاثرین سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے متاثرین منگلا ڈیم کے اضافی کنبہ جات، ترقیاتی عمل کی تکمیل سمیت تمام معاملات و مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیراعظم ہاؤس میں مختلف وفود اور سرکاری افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی آزادکشمیر کی تعمیروترقی میں گہری دلچسپی لینے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے منصفانہ موقف اپنانے اور کشمیریوں کی بھرپور اخلاقی و سفارتی حمایت پر کشمیری قوم ان کی شکرگزار ہے۔ میرپور تارکین وطن کا شہر ہے اس شہر کو بین الاقوامی نوعیت کا شہر بنا دیں گے۔ میرپور شہر کے تمام سیکٹروں میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ میرپور کی تمام رابطہ سڑکوں اور مین شاہرات کو پختہ کیا جارہا ہے۔ میرپور شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ 

چوہدری مجید نے کہا کہ حکومت خالق آباد اسلام گڑھ اور چکسواری میں سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کر رہی ہے۔ انتظامیہ سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف فوری کاروائی کرے۔ میرپور کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے ضلع کی تمام سڑکوں کے کنارے شجر کاری کو یقینی بنایا جائے۔ تمام افسران اور محکمے قانون و قاعدے کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں اور لوگوں کو ریلیف دیں۔ ہمیں اقتدار غریب لوگوں نے دیا ہے ہم غریب لوگوں کے حقوق کا بھرپور دفاع کر رہے ہیں۔ 

وزیراعظم آزادکشمیر نے مختلف وفود اور سرکاری افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنے فرائض ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیں۔ قانون اور قاعدے کی عملداری کو یقینی بنایا جائے۔ سرکاری ملازمین دفاتر میں حاضری کو یقینی بنائیں اور لوگوں کے جائز مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔ 

انھوں نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم کے تمام ایشو حل کریں گے آخری متاثرہ شخص کی بحالی و آبادکاری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ متاثرین ریزنگ پراجیکٹ کے تمام خدشات و تحفظات دور کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرین ریزنگ پراجیکٹ کے لئے بنائے جانے والے نیوسٹی اور سمال ٹاؤنز میں ترقیاتی اہدف حاصل کیے جائیں۔ متاثرین کے لیے بنائے جانے والے ٹاؤنز میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے اور ان کی جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 362547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش