0
Sunday 16 Mar 2014 11:04

نوازشریف حکومت کرپشن میں زرداری سے بھی دو ہاتھ آگے ہے، سردار عتیق

نوازشریف حکومت کرپشن میں زرداری سے بھی دو ہاتھ آگے ہے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کے بغیر آزاد حکومت بے وقار ہے۔ سرکاری ملازمین سمیت خطہ کے عوام پریشان حال ہیں۔ آزادکشمیر میں حکومت اور اپوزیشن دونوں غیرریاستی جماعتیں ہیں اور نورا کشتی کا شکار ہیں۔ مرکز میں پانچ سال زرداری کی ڈاکہ زنی پر اب میاں نوازشریف پہرہ دے رہے ہیں۔ زرداری کے دور حکومت سے میاں نواز شریف کی حکومت کرپشن میں دو ہاتھ آگے ہے۔ مسلم کانفرنس کو ختم کرنے کیلئے اس سے قبل بھی خطہ کی طاقتور شخصیات کو استعمال کیا گیا۔ کے ایچ خورشید، غازی ملت اور چوہدری نور حسین جیسی قدآور شخصیات بھی مسلم کانفرنس کو ختم کرنے میں ناکام رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز دواراندی کے مقام پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار عتیق کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی مسلم کانفرنس کو ایوان اور اسمبلی سے باہر نکالنے کی سرتوڑ کوششیں کی جا رہی ہے لیکن بلوچ الیکشن میں مسلم کانفرنس نے اپنا وجود ثابت کیا۔ ہم بلوچ الیکشن جیت کیلئے نہیں اپنی موجودگی ثابت کرنے کیلئے لڑ رہے تھے۔ بلوچ الیکشن کو یوتھ قرضہ سکیم، جعلی اعلانات کے ذریعے ہائی جیک کیا گیا اور رینجرز بلا کر ریاستی وقار مجروح کیا گیا۔ رینجرز منگوانے کی کیا ضرورت تھی۔ 

انھوں نے کہا کہ ہم ریاست کے اہم عہدے (وزیراعظم) کی توہین ہرگز برداشت نہیں کرتے، وزیراعظم چوہدری مجید لینٹ آفسیران کی خدمات کی واپسی پر اگر سیاسی پہلو پر ڈٹ کر کھڑے رہتے تو باعزت رہتے اگر واپس ہی ہونا تھا تو باعزت طر یقہ استعمال کرتے لیکن چوہدری مجید نے لینٹ آفیسران کے موقف پر جلدی میں ہلہ بول دیا جس سے ریاست کے اہم عہدے کی توہین ہوئی۔ 

سردار عتیق احمد نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستی عوام کے حقوق اور تشخص کے تحفظ کی جنگ لڑتی اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے بھی اپنا رول ادا کرتی رہے گی۔ طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کا راستہ روکنا بھارت کی بھول ہے بھارت کو استصواب رائے کا حق دینا پڑے گا۔

تعزیتی ریفرنس سے سابق وزیر مال سردار عبدالقیوم نیازی، سابق امیدوار اسمبلی سردار کمال خان ایڈووکیٹ، حاجی عبدالرشید خان، سردار نسیم خان صدر مسلم کانفرنس حلقہ نمبر۲، ملک افسر خان صدر مسلم کانفرنس حلقہ نمبر۱ عباسپور، ملک عبدالخالق، مرزا اشفاق، حاجی فیض اکبر، سردار صابر ایڈووکیٹ، ملک خلیل قیصر ایڈووکیٹ، سید اظہر علی شاہ، حسن خورشید ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 362343
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش