0
Friday 21 Mar 2014 12:29

خیبر پختونخوا حکومت نے کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا

خیبر پختونخوا حکومت نے کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے کابینہ میں پہلی مرتبہ ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پانچ وزارتوں کے لیے ارکان کا انتخاب بھی کیا جانا ہے، تاہم تاحال اس سلسلے میں اب تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ٹی آئی کی حکومت کو آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی جماعت قومی وطن پارٹی کو حکومتی اتحاد سے خارج کر دینے، ایک وزیر اسرار اللہ گنڈہ پور کی ہلاکت اور ایک وزیر یوسف ایوب کی نااہلی کے بعد پانچ محکموں کے لیے اراکین کا انتخاب کرنا ہے۔ واضح رہے کہ قومی وطن پارٹی کو اتحاد میں شامل کرنے کے لیے تین وزارتیں دی گئی تھیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گذشتہ روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا کابینہ میں رد و بدل کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا تھا اور اس کے علاوہ جماعت کے اندر بھی کچھ اراکین وزارتوں کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت اسرار اللہ گنڈا پور کے نو منتخب بھائی اکرام اللہ گنڈا پور اور یوسف ایوب کے بھائی اکبر ایوب وزارتوں کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ عوامی جمہوری اتحاد کے سربراہ شہرام خان ترکئی کو سینیئر وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ اور انھیں اہم محکمہ بھی تفویض کیا جا سکتا ہے۔ شہرام ترکئی اس وقت صوبائی وزیرِ زراعت ہیں۔ قومی وطن پارٹی سے واپس لیے گئے محکموں کے لیے تین اراکین کا انتخاب کیا جانا ہے، جس پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ اراکین کا انتخاب ان کے حلقوں اور علاقوں کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 364186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش