0
Saturday 29 Mar 2014 10:39

بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، دونوں لازم و ملزم ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، دونوں  لازم و ملزم ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزم ہیں۔ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی ہے۔ ہم تنقید سے کبھی نہیں گھبراتے۔ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ تنقید برائے تنقید نہ ہو بلکہ تنقید برائے تعمیر بھی ہونی چاہیئے۔ بلوچستان کے جو صحافی اپنے مشن اور دوران ملازمت شہید ہوئے ہیں۔ ان کیساتھ ہمارا مکمل تعاون ہے۔ ہم نے اب تک 12 صحافیوں میں سے 10 صحافیوں کی مالی امداد کی ہے۔ باقی دو صحافی کی بھی مالی امداد کرینگے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ میڈیا ڈے منایا جا رہا ہے اور اس میں پورے پاکستان سے صحافی بھی شریک ہوئے ہیں۔ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صحافیوں کی خدمت کی جائے۔ جو ہم کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے صحافیوں اور وہاں کے حالات اور بلوچستان کے صحافیوں اور حالات میں بہت فرق ہے۔ جن حالات میں بلوچستان کے صحافی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں بہت مشکل ہے۔ خضدار کے ایک صحافی کو میں جانتا ہوں کہ جس نے اپنے بیٹوں کو پڑھایا لکھایا مگر نامعلوم افراد نے ان کے دونوں بیٹوں کو شہید کردیا، جس کی وجہ سے ابھی تک وہ صحافی نہیں سنبھل سکا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں مخلوط حکومت ہے۔ جس میں مسلم لیگ (ن)، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی شامل ہے، ہم ملکر بلوچستان کے عوام کی خدمت کررہے ہیں اور انشاءاللہ خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے کے مرکزی صدر محمد افضل بٹ نے جن مطالبات کا ذکر کیا ہے، ان میں سے کچھ پہلے ہم نے منظور کرلئے ہیں، جن میں خاص طور پر صحافیوں کیلئے ویلفیئر فنڈز کیلئے دو کروڑ روپے دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ صحافیوں کے تحفظ کیلئے میں نے وزیرداخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بارے میں لائحہ عمل تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال ایک میٹنگ میں شرکت کی وجہ سے آج کی اس تقریب میں شرکت نہیں کرسکے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ ہماری کابینہ کے نوجوان وزیر کھیل و ثقافت مجیب الرحمن محمد حسنی نے بلوچستان کے موجودہ حالات میں بلوچستان سپورٹس فیسٹول کرانے کا فیصلہ کیا۔ ان کو آرمی، ایف سی، پولیس اور دیگر اداروں کا تعاون حاصل رہا۔ میں کامیاب فیسٹول کرانے پر ان کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اس فیسٹول کو کامیاب کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان میں ہر صورت میں امن و امان لانا ہے۔ جس میں کافی حد تک ہم کامیاب ہو چکے ہیں۔ ہم مسلمان ہیں، ہمیں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے۔ موت برحق ہے، ہم اس سے ڈرتے نہیں۔ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اس کو ترقی دینگے۔ اس کیلئے چاہے ہمیں کتنی مشکلات کیوں نہ آئیں۔ ہم اس کی پرواہ نہیں کرینگے بلکہ ہم نے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ اہمیت دی ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

خبر کا کوڈ : 366988
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش