0
Thursday 9 Sep 2010 15:11

اسلام آباد،فیصل شہزاد کے ساتھی 3 طالبان جنگجو گرفتار،اہم دستاویز برآمد

اسلام آباد،فیصل شہزاد کے ساتھی 3 طالبان جنگجو گرفتار،اہم دستاویز برآمد
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس نے امریکہ میں گرفتار ملزم فیصل شہزاد کے تین ساتھی اور دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث تحریک طالبان گروہ سے تعلق رکھنے والے تین ملزم گرفتار کر لئے اور ان کے قبضہ سے اہم دستاویزات،لیپ ٹاپ،پارلیمنٹ،ایوان صدر سمیت ٹائم اسکوائر (امریکہ) نقشہ جات،لٹریچر،سی ڈی اور دیگر اشیاء برآمد کر لی ہیں۔ملزمان نے امریکہ میں ٹائم اسکوائر ملزم فیصل شہزاد کو بارودی مواد،اسلحہ،ایمونیشن کی تیاری میں معاونت کی اور اسے کار بم دھماکہ کے لئے 13 ہزار ڈالر بھی دیئے۔اس کے علاوہ ملزمان نے 3 فدائین کو مظفر آباد بھجوایا اور دھماکے کروائے۔ حکیم اللہ محسود سے بھی مل چکے ہیں اور تحریک طالبان کے ٹریننگ سینٹروں سے تربیت یافتہ ہیں۔ 
اسلام آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے تینوں افراد محمد شعیب مغل، محمد شاہد اور جنبل اختر مئی کے پہلے ہفتے میں غائب ہو گئے تھے،ان کے لواحقین نے ان کے اغواء کے مقدمے اسلام آباد اور راولپنڈی کے تھانوں میں درج کروا رکھے تھے،اس سلسلے میں ان تینوں افراد کی بازیابی کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان نے سوموٹو نوٹس بھی لے رکھا تھا،جس کی وجہ سے اسلام آباد پولیس نے ان کی سرگرمی سے تلاش شروع کر دی۔جس کے دوران معلوم ہوا کہ یہ اشخاص مئی کے پہلے ہفتے میں نیویارک کے ٹائم اسکوائر میں کار بم دھماکہ کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے فیصل شہزاد کے قریبی ساتھی ہیں اور اس کی امریکہ میں گرفتاری کے بعد قبائلی علاقے میں روپوش ہو گئے تھے۔اسی دوران ڈی آئی جی آپریشن بنیامین کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ یہ تینوں افراد شاہد اور جنبل اختر آج کل اپنے دوسرے دو ساتھیوں فہیم احمد اور فیصل عباسی کے ہمراہ واپس آ گئے ہیں اور اسلام آباد میں دہشتگردی کی کوئی بڑی کارروائی کرنا چاہتے ہیں اور اس وقت وہ کار نمبری LYL-8485 پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد ہائی وے براستہ کاک پل اسلام آباد کی جانب جا رہے ہیں۔ 
اس اطلاع پر ایس ایس پی اسلام آباد طاہر عالم خان کی زیر نگرانی ڈی ایس پی سی آئی ڈی عبدالرزاق، ڈی ایس پی سی آئی اے الطاف عزیز خٹک، ڈی ایس پی رورل خورشید خان ایس ایچ او تھانہ سہالہ محمد ارشد،سب انسپکٹر محمد گلفراز و دیگر پر مشتمل ٹیم تشکیل دی اور کاک پل پر گاڑی کا انتظار کیا اسی اثناء میں وہاں پہنچی تو رکنے کا اشارہ کیا گیا مگر ملزمان نے گاڑی نہ روکی پولیس ٹیم نے گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے نہایت حکمت عملی سے گاڑی کو روک کر ملزمان کو قابو کر لیا گیا۔گاڑی کی تلاشی لینے پر ڈیش بورڈ سے 5 عدد سی ڈیز، ایک بیگ جس میں لیپ ٹاپ، نقشہ جات، پارلیمنٹ ہاؤس، ٹائم اسکوائر (امریکہ) منال ہوٹل،ایوان صدرو دیگر اہم عمارات کا اور لٹریچر تحریک طالبان برآمد ہوئے جبکہ گاڑی پر نمبر پلیٹ بھی بوگس تھی۔اسلام آباد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے مزید تفتیش جاری ہے۔آئی جی اسلام آباد سیدکلیم امام نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے اپنی بہترین حکمت عملی کے باعث اب تک 100 سے زائد دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے اور شہریوں کی جان و مال اہم سرکاری املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔
خبر کا کوڈ : 36743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش