0
Wednesday 30 Apr 2014 14:41

کراچی میں امن کا قیام ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے، ممنون حسین

کراچی میں امن کا قیام ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے، ممنون حسین
اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا کہ کراچی میں قیام امن ملک کی ترقی کیلیے بہت ضروری ہے، کراچی ملک کا معاشی حب ہے، حکومت کی اولین ترجیح کراچی میں امن کا قیام ہے۔ وہ کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے گفتگو کر رہے تھے، صدر مملکت سے ملاقات میں گورنر سندھ نے ان کو صوبے کے امور سے متعلق آگاہ کیا، گورنر سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن، عوام کے مسائل کے حل کیلیے جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر نے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مربوط حکمت عملی کے تحت تیز کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

علاوہ ازیں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیا کی قیادت میں سندھ اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حکومت ملک میں توانائی کے بحران کے حل کیلیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، عوام کے منتخب نمائندے عوام سے رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں، وفد میں عرفان اللہ مروت، شفیع محمد جاموٹ، ہمایوں خان، سورتھ تھیبو، اعجاز شیرازی اور عاقب جتوئی شامل تھے، صدر نے کہا کہ امن و امان کے قیام، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتیں اقدامات کر رہی ہیں۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز (پی آئی آئی اے) کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردی و انتہاء پسندی کی روک تھام، داخلی سلامتی اور امن و امان کے مسائل سے موثر طور پر نمٹنے کیلیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، قومی اور ادارہ جاتی اتفاق رائے کے صحت مندانہ عمل کے ذریعے ان کثیر الجہتی کاوشوں کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، قبل ازیں چیئرمین پی آئی آئی اے ڈاکٹر معصومہ حسن خطبہ استقبالیہ پیش کیا، صدر مملکت ممنون حسین ڈائو یونیورسٹی اوجھا کیمپس کے دورے پر گئے جہاں چانسلر و گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمید خاں، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر عمر فاروق، سیکریٹری صحت اقبال درانی سمیت یونیورسٹی کے ارکان فیکلٹی نے ان کا استقبال کیا۔
خبر کا کوڈ : 377918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش