0
Tuesday 13 May 2014 14:56

حکومت متاثرین منگلا ڈیم کی فراخ دلانہ امداد کرے، عبدالرشید ترابی

حکومت متاثرین منگلا ڈیم کی فراخ دلانہ امداد کرے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حکومت متاثرین منگلا کی فراخ دلانہ امداد کرے، یہاں کے لوگوں نے دوسری دفعہ اپنے آبائو اجداد کی قبروں کو ڈبو کر قربانی کی لازوال مثال قائم کی ہے یہ ان کا حق بنتا ہے کہ متاثرین کی فراخ دلانہ مدد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع مولانا عتیق الرحمن، سابق امیر ضلع راجہ الطاف، الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر کے صدر ڈاکٹر ریاض، حلقہ کھڑی کے امیر ملک عبدالطیف سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ اجتماع کے موقع پر درجنوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ 

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ موجودہ پارٹیاں شخصیات اور خاندانوں کی ذاتی جاگیر بن چکی ہیں جن جماعتوں کے اندر جمہوریت نہیں ہے وہ ملک میں جمہوریت کیا قائم کریں گی۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور نظام کی تبدیلی کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 66 سال بیت چکے ہیں لیکن حالات جوں کے تو رہنے کی بجائے تنزلی کی طرف جا رہے ہیں۔ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے، بے روزگاری کا طوفان اٹھا ہوا ہے، حکمران مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے کی بجائے مشیروں اور کوآرڈنیٹروں کی فوج ظفر موج بھرتی کر کے قومی خزانہ اللو تللوں میں اڑا رہے ہیں۔ حکومت وزراء، مشیروں،کو  آرڈنیٹروں کی فوج کو کم کر کے وسائل بچا کر عوام کی خدمت پر لگائے۔ 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے فلاحی اداروں کے تعاون سے ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ صحت، تعلیم اور دیگر تعمیراتی کاموں کو اپنی بساط کے مطابق حل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس فرسودہ اور کرپٹ نظام کو تبدیل کر کے اس کی جگہ اللہ کا دیا ہوا عادلانہ نظام لانا چاہتی ہے جس میں انفرادی اور اجتماعی طور پر عدل و انصاف ملے گا، میرٹ کی بالادستی ہو گی حق دار کو حق ملے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کی عوام کی دہری ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھی کردار ادا کریں اور یہاں نظام کی تبدیلی کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تحریک آزاد ی کشمیر میں شاندار کردار ادا کیا ہے اور مکمل آزادی تک کشمیریوں کے شابہ بشانہ رہے گی اسی طرح آزاد خطے کے اندر حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 381990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش