0
Wednesday 14 May 2014 19:49

فلسطین کا مسئلہ کسی ایک خطے یا نسل کا نہیں بلکہ عالمی انسانی مسئلہ ہے، پی ایل ایف

فلسطین کا مسئلہ کسی ایک خطے یا نسل کا نہیں بلکہ عالمی انسانی مسئلہ ہے، پی ایل ایف
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کا مسئلہ کسی ایک خطے یا نسل کا نہیں بلکہ عالمی انسانی مسئلہ ہے، اقوام عالم فلسطینیوں کی فلسطین واپسی کو یقینی بنانے میں مثبت کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ پاکستان کے مرکزی رہنما اور ایمیٹی انٹر نیشنل کے چیئرمین محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں حنا عبد السومرو، میجر (ر) عامر، پروفیسر نرگس رشید، عشرت غزالی، ارشاد احمد اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے کراچی پریس کلب پر منعقدہ ’’یوم نکبہ‘‘ مہم کے عنوان سے فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی اور غاصب اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں سمیت دیگر خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ شرکائے مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر فلسطین، فلسطینیوں کا وطن، فلسطینیوں کے حق واپسی کا دفاع کریں گے، مردہ باد امریکہ، اسرائیل نا منظور سمیت قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی کے نعرے آویزاں تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی نا گزیر ہو چکی ہے اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے اگر ہمیں اپنی جانوں کا نذرانہ بھی دینا پڑا تو گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے فلسطینیوں کے حق واپسی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کو ان کے وطن واپس جانے کا حق دیا جائے اور فلسطین کو فلسطینیوں کا وطن قرار دیا جائے۔

مقررین نے مزید کہا کہ آج 66 برس بیت چکے ہیں اور مظلوم فلسطینی اسرائیلی مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن افسوس اور شرم کی بات ہے کہ دنیا کی مہذب اور نام نہاد انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور ریاستیں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم پر چپ سادھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پورے مشرق وسطیٰ میں معصوم انسانوں کو موت کی نیند سلایا جا رہا ہے اور ان تمام سازشوں میں صیہونی غاصب ریاست اسرائیل براہ راست ملوث ہے جس کا مقصد پورے مشرق وسطیٰ اور ایشیاء پر مکمل تسلط حاصل کرنا ہے تاکہ صیہونزم کے ناپاک عزائم کو پوری دنیا میں عملی جامہ پہنایا جائے۔ مقررین نے پاکستان میں جاری دہشت گردی اور انارکی کو بھی صیہونی اسرائیلی سازشوں کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا دفاع پاکستان کا دفاع ہے اور پاکستان کا دفاع اسلام اور اسلام کا دفاع پوری انسانیت کا دفاع ہے۔ واضح رہے کہ سنہ1948ء میں 15مئی کو غاصب اسرائیل نے سات لاکھ سے زائد مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے گھر کر دیا تھا اور جبری طور پر فلسطین کے باشندوں کو فلسطین سے جلا وطن کر دیا گیا تھا۔ تاہم اس روز کو فلسطینی بہت بڑی مصیبت اور تباہی کا دن قرار دیتے ہیں اور اس دن کو ’’یوم نکبہ‘‘ کہا جاتا ہے یعنی مصیبت اور تباہی کا بد ترین دن۔
خبر کا کوڈ : 382488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش