0
Monday 19 May 2014 19:19

حکومت مصلحت سے نکل کر دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن اقدام کرے، صاحبزادہ حامدرضا

حکومت مصلحت سے نکل کر دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن اقدام کرے، صاحبزادہ حامدرضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ جیو کے گستاخانہ پروگرام کے خلاف جمعہ 23 مئی کو ملک گیر یومِ احتجاج منایا جائے گا۔ اس روز ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں عظمتِ اہلِ بیت و صحابہ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ ہوں گے اور جمعہ کے اجتماعات میں جیو کی توہین آمیز نشریات کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ 66 سال سے پاکستان پر عوام دشمن نظام مسلط ہے اور مظلوم عوام ظلم، استحصال، کرپشن، ناانصافی، بیروزگاری اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ہمارے حکمران خاندانی بادشاہت کے جنون میں مبتلا ہیں۔ ملک و قوم کو کرپٹ نظام سے نجات دلانے کے لیے قوم متحد ہو جائے۔ بھارتی انتخابات پاکستان دشمنی کی بنیاد پر لڑے گئے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ بھارتی انتخابات میں بہت کم مسلمان امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پارلیمنٹ میں کم اور بیرون ملک زیادہ جاتے ہیں۔ ملک کو اس وقت ایسی سیاسی انقلابی تحریک کی ضرورت ہے جس میں قوم کو تمام بنیادی مسائل کے حل کے لیے ایجنڈا دیا جائے۔ جاگیردارانہ ریاستی نظام نے پولیس کے نظام کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ طالبان مذاکراتی کمیٹیوں نے مذاکرات کی آڑ میں اپنی سیاسی دکانداری چمکائی ہے۔ طالبان اور ان کے حامیوں نے ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنے والے بھتہ خوری، قبضوں اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ حکومت کو مصلحتوں سے نکل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دو ٹوک فیصلہ کرنا ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک کا سالانہ بجٹ 38 کھرب روپے ہے جبکہ سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کا خفیہ سرمایہ دو سو کھرب روپے پڑا ہے اور یہ ساری دولت پاکستان سے لوٹ مار کر کے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی گئی۔ حکمرانوں نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے نظامِ مصطفی کے نفاذ کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 384196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش