0
Tuesday 28 Sep 2010 13:00

سب سے بڑا ادارہ پارلیمنٹ ہے، جمہوریت گئی تو کچھ نہیں بچے گا، نواز شریف

سب سے بڑا ادارہ پارلیمنٹ ہے، جمہوریت گئی تو کچھ نہیں بچے گا، نواز شریف
اسلام ٹائمز- ڈیلی جسارت کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ کسی ایسے سیلاب کی بات نہیں کرنی چاہئے جو پارلیمنٹ اور جمہوریت کو بہا کر لے جائے اور نہ پارلیمنٹ کے مقام کو کم کرنا چاہیے۔ پیر کو جنوبی پنجاب کے علاقے مٹھن کوٹ میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران میاں نوازشریف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ایک سیلاب نے پاکستان میں اتنی تباہی مچائی، اب ایسے کسی سیلاب کی خواہش نہ کی جائے جو جمہوریت کو بہا کر لے جائے کیونکہ اگر جمہورت ختم ہوئی تو سب کچھ ختم ہو جائے گا۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ ہمارا مستقل جمہوریت میں ہی مضمر ہے۔ تمام اداروں کو کام کرنے کی آزادی ہونی چاہئے۔ میاں نواز شریف کے مطابق ان اداروں میں ملک کا سب سے بڑا ادارہ پارلیمنٹ ہے جسکا ایک تقدس اور مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ادارہ عدلیہ ہے، اس کا بھی اپنا مقام اور تقدس ہے، اسکے فیصلوں کا بھی احترام ہونا چاہئے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات کی عکاس پارلیمنٹ ہے اس لئے پارلیمنٹ کی حاکمیت کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کے درمیان کوئی لڑائی نہیں، یہ صرف چند لوگوں کا مسئلہ ہے جنکے مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ان لوگوں کو پارلیمنٹ کہنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آغاز ہی سے عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کیا جاتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا ملک میں جس تبدیلی کی توقع کی جا رہی ہے وہ فوج کی طرف سے ہو نے کا امکان تو نہیں، میاں نواز شریف نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو اس طرح کے سوال ہونے چاہئیں اور نہ وہ ایسے سوالات کا جواب دینا چاہتے ہیں۔ ایک عزت دار قوم نہ تو اس طرح سوچتی ہے نہ اس طرح کے سوال کرتی ہے اور نہ ایسے جواب دیئے جاتے ہیں۔ میاں نواز شریف نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ عبدالقیوم جتوئی نے جو باتیں کیں وہ سب غلط نہیں تھیں بلکہ انکی کچھ باتیں درست بھی تھیں جو بالکل حقائق کے عین مطابق تھیں۔
خبر کا کوڈ : 38434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش