0
Tuesday 27 May 2014 18:25

ملک کو دیمک کی طرح کھانے والی برائیوں سے نجات دلانے کیلئے علم جہاد بلند کیا جائے، الطاف حسین

ملک کو دیمک کی طرح کھانے والی برائیوں سے نجات دلانے کیلئے علم جہاد بلند کیا جائے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ، بے لگام سرمایہ دارانہ، غیر منصفانہ نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کاسلسلہ جاری رہا تو خاکم بدہن پاکستان کی سلامتی و بقاء کو شدید خطرہ لاحق ہوگا۔ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اجلاس میں اراکین سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ، بے لگام سرمایہ دارانہ، غیر منصفانہ نظام، کرپٹ سیاسی کلچر اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے لہٰذا پاکستان کے عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام کو بچانا چاہتے ہیں یا پاکستان کو فرسودہ جاگیردارانہ اوربے لگام سرمایہ دارانہ نظام کے باعث ملک میں غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور کرپشن عروج پر ہے، ملک میں انصاف کا نظام ہچکولے کھا رہا ہے اور انصاف کے موجودہ نظام پر سے لوگوں کا اعتماد اٹھ رہا ہے، ایسی صورت میں پاکستان کی سرزمین کو جرات مند، بہادر اور مخلص قیادت کی اشد ضرورت ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ گندگی اور پاکیزگی ایک دوسرے کی ضد ہے، پاکستان پاک ہے اور فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ، غیرمنصفانہ نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر گندگی ہے لہٰذا پاکستان کو محفوظ، مستحکم، روشن اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے ان گندگیوں کا خاتمہ لازمی ہے۔ پاکستان کی سرزمین ایک ماں کی حیثیت رکھتی ہے جو اپنی غیرت و حمیت اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے بہادر بیٹوں کی تلاش میں ہے اور چاہتی ہے کہ اس کے بہادر بیٹے پاکستان کو دیمک کی طرح کھانے والی برائیوں سے نجات دلانے کے لئے علم جہاد بلند کریں۔ ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ ملک کے محب وطن عوام کو یہ طے کرلینا چاہئے کہ اگر ملک پر فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ، بے لگام سرمایہ دارانہ، غیر منصفانہ نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کا سلسلہ جاری رہا تو خاکم بدہن پاکستان کی سلامتی و بقاء کو شدید خطرہ لاحق ہوگا اور ان فرسودہ گلے سڑے نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر کا خاتمہ کرکے ہی پاکستان کو محفوظ اور مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔ اب پاکستان کے بچے بچے کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہونا چاہیے کہ کرپٹ سیاسی نظام کا خاتمہ کرو ۔۔۔ پاکستان کو بچاؤ۔
خبر کا کوڈ : 386861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش