0
Saturday 31 May 2014 12:10

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ۔ حکومت اجلاس کے ایجنڈے کو مکمل کرانے کے لیے کورم پورا نہ کر سکی، اپوزیشن اراکین کے غیر اعلانیہ بائیکاٹ کے باعث کورم پورا نہ ہو سکا۔ اسپیکر اسمبلی سردار غلام صادق نے کورم پورا نہ ہونے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورم کا خیال رکھے۔ کورم پورا رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اپوزیشن کے ایک رکن سمیت کل 14 ممبران اسمبلی ایوان میں موجود تھے جبکہ کورم پورا کرنے کے لیے حکومت کو 17 اراکین کی ضرورت تھی۔ اپوزیشن اراکین ایوان میں داخل ہونے کے بعد اٹھ کر چلے گئے۔

جمعہ کے روز قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کو اس وقت سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب اجلاس شروع ہوتے ہی تلاوت اور نعت کے بعد اپوزیشن رکن اسمبلی سردار میر اکبر نے کورم کی نشاندہی کی۔ جس پر وزیر خزانہ لطیف اکبر نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے اجلاس میں عدم شرکت انتہائی غیرسنجیدگی اور سیاسی بداخلاقی ہے۔ اپوزیشن کے تین اراکین ایوان میں آئے اور اٹھ کر چلے گئے۔ انہیں بھی گنتی میں شامل رکھا جائے جس پر سردار میر اکبر نے کہا کہ کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور وزیر خزانہ کی طرف سے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال قابل مذمت ہے۔

اسپیکر اسمبلی نے کورم کی نشاندہی پر سیکرٹری اسمبلی کو گنتی کا حکم دیا۔ گنتی کے دوران کل 14ممبران ایوان میں موجود تھے۔ اسپیکر نے گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا۔ 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی جاتی رہیں مگر کورم پورا نہ ہو سکا۔ جس پر اسپیکر قانون ساز اسمبلی نے اجلاس 15 منٹ کے لئے ملتوی کر دیا، آدھے گھنٹے کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا تو اس وقت بھی صرف 14ممبران ایوان میں موجود تھے جس پر اسپیکر نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران اکثر و بیشتر کورم کا مسئلہ درپیش رہتا ہے یہ اچھی بات اور اچھی روایت نہیں، توقع ہے کہ آئندہ تمام ممبران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ کورم پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ اس موقع پر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ جن لوگوں کی رجسٹر پر حاضری ہے اور وہ اجلاس میں نہیں آئے ان کو غیر حاضر تصور کیا جائے جس پر سردار میر اکبر نے کہا کہ اس معاملے پر قانون سازی کریں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ اسپیکر نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 387966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش