0
Saturday 21 Jun 2014 00:10

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام سانحۂ لاہور کے خلاف ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام سانحۂ لاہور کے خلاف ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام سانحۂ لاہور کے خلاف ملک گیر ’’یومِ احتجاج‘‘ منایا گیا اور علمائے اہلسنّت نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ہونے والی ریاستی دہشت گردی کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا اور اہلسنّت کی اڑھائی لاکھ مساجد میں سانحۂ لاہور کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور مطالبہ کیا گیا کہ سانحۂ لاہور پر وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیرقانون استعفیٰ دیں۔ نماز جمعہ کے بعد لاہور، فیصل آباد، سمندری، کراچی، کوئٹہ اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں سانحۂ لاہور کے خلاف مساجد کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور اہلسنّت کی ہر مسجد میں منہاج القرآن کے شہداء کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ اس سلسلہ میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو بہنے والے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہو گا۔ بے گناہوں کی لاشیں گرانے والے شریف نہیں بدمعاش ہیں۔ متکبر حکمران اﷲ کی پکڑ میں آ چکے ہیں۔ ظلم کا راج ختم ہو کر رہے گا۔ گوشۂ درود میں درود پڑھتے افراد پر فائرنگ کرانے والوں پر اﷲ کی بے آواز لاٹھی ضرور برسے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کا وزیرقانون وزیرلاقانونیت بن چکا ہے۔ ہمارے حکمران بھارتی وزیراعظم کو ساڑھیوں کے تحفے بھیجتے ہیں اور اپنے نہتے اور پرامن شہریوں کو گولیاں مار رہے ہیں۔ لاٹھی، گولی کی سیاست جمہوریت کو لے ڈوبے گی۔ سنی اتحاد کونسل علماء بورڈ کے چیئرمین علامہ محمد شریف رضوی نے بھکر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم پولیس کے ہاتھوں گیارہ افراد کی شہادتیں کبھی بھول نہیں پائے گی۔ حکومت کے جبر اور منہاج القرآن کے صبر کی انتہا ہو گئی ہے۔ پرامن سیاسی کارکنوں کے خلاف ریاستی طاقت کا بدترین استعمال کیا گیا۔ دینی مرکز کو مقتل بنانے کا جرم ناقابل معافی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے بیت المصطفیٰ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو قتل کرانے والے حکمرانوں کو نیند کیسے آ جاتی ہے۔ حکمرانوں نے سانحۂ لاہور کے ذریعے ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی سازش کی ہے۔ پنجاب کے حکمران بدحواسی اور بوکھلاہٹ میں غلطی پر غلطی کر رہے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے حکمران قتل ناحق کے مجرم ہیں ۔ریاستی طاقت کے ذریعے انسانی جان کی حرمت پامال کی گئی۔ قوم نے لاہور میں گڈ گورننس کا نفاذِ اعلیٰ دیکھ لیا ہے۔ منہاج القرآن کے شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ پنجاب پولیس سٹیٹ بن چکا ہے۔ سانحۂ لاہور کے منصوبہ سازوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ یومِ احتجاج کے موقع پر کوئٹہ میں مولانا وزیرالقادری، چکوال میں سیّد جواد الحسن کاظمی، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس، پشاور میں علامہ فضل جمیل، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، جھنگ میں علامہ فاروق سلطان قادری نے اجتماعات سے خطاب کیا اور احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔
خبر کا کوڈ : 393857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش