0
Tuesday 1 Jul 2014 13:16

بابر یعقوب فتح محمد نے ہمیشہ بلوچستان کے مقدمہ کو ہر فورم پر بہتر انداز میں پیش کیا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بابر یعقوب فتح محمد نے ہمیشہ بلوچستان کے مقدمہ کو ہر فورم پر بہتر انداز میں پیش کیا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے ہمیشہ بلوچستان کے مقدمہ کو ہر فورم پر بہتر انداز میں پیش کیا ہے۔ ایک سال میں بحیثیت وزیراعلٰی میں ان سے کسی بھی مسئلہ پر نہیں الجھا کیونکہ میری اور چیف سیکرٹری کی خواہش بلوچستان میں امن و امان کا قیام، صوبے کی ترقی، خوشحالی اور گڈ گورننس کا قیام تھا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ، صوبائی وزراء، صوبائی مشیران، اراکین صوبائی اسمبلی، صوبائی سیکریٹریز، سول و آرمی حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلٰی نے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابر یعقوب فتح محمد بحیثیت چیف سیکرٹری صوبے کے معاملات، سیاست، معیشت، سماجی ساخت و انتظامی معاملات کو بہت قریب سے دیکھتے اور سمجھتے تھے۔ ان کے ڈھائی سالہ دور میں بلوچستان میں عام انتخابات، بلدیاتی انتخابات، اقدار کی منتقلی، امن و امان کی خراب صورتحال جیسے سنگین مسائل کا سامنا تھا۔ جس سے وہ بخوبی نبرد آزما ہوئے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ مجھے مخلوط حکومت کے دوستوں نے کہا کہ کیا چیف سیکرٹری کا تبادلہ نہیں روکا جا سکتا۔ تو میں نے کہا کہ نہیں انہیں بحیثیت سرکاری آفیسر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے اسلام آباد جانا ہو گا۔ وزیر اعلٰی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ماضی کی طرح بابر یعقوب فتح محمد اسلام آباد میں بھی بلوچستان کی بھرپور حمایت اور نمائندگی کریں گے کیونکہ وہ بلوچستان کو قریب سے جانتے بھی ہیں اور ہمارے مسائل سے بخوبی آگاہ بھی ہیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ جو خلوص ہم نے بابر یعقوب فتح محمد میں پایا ہم اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ زندگی کے کسی بھی موڑ پر جب بھی وہ سوچیں گے۔ بلوچستان کے بارے میں سوچیں گے۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ چیف سیکرٹری کا کردار بلوچستان میں انتہائی اہمیت کا حامل رہا۔ ان میں معاملات کو درست کرنے کا پختہ ارادہ اور خواہش موجود تھی۔ انہوں نے اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور پل کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہتری اور تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، امن و استحکام کے لیے بابر یعقوب فتح محمد کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بحیثیت چیف سیکرٹری بابر یعقوب فتح محمد کی تعریف کی اور کہا کہ کاش بابر یعقوب فتح محمد بلوچستان سے نہ جاتے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے کہا کہ وفاق کی جانب سے جب مجھے بحیثیت چیف سیکرٹری بلوچستان تعینات کرنے کا معلوم ہوا تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے بلوچستان میں تقریباً 15 سال تک بحیثیت سرکاری آفیسر صوبے کے مختلف اضلاع میں خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی کم ہے لیکن یہاں کے لیڈر بڑے ہیں وہ ملکی سیاست پر گہری نظر اور ویژن رکھتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری محمد نسیم لہڑی نے کہا کہ بحیثیت چیف سیکرٹری بابر یعقوب فتح محمد کی صوبے کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ بلوچستان سے خوشگوار یادیں اور لوگوں کی محبت اور خلوص سمیٹ کر جا رہے ہیں، اور یہ سب ان کا سرمایہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 396582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش