0
Tuesday 10 Jun 2014 23:52

چیف سیکرٹری کی زیرصدارت اجلاس، سرکاری تنصیبات قومی املاک کے تحفظ کیلئے جامع پلان تشکیل

چیف سیکرٹری کی زیرصدارت اجلاس، سرکاری تنصیبات قومی املاک کے تحفظ کیلئے جامع پلان تشکیل

اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد کی زیرصدارت گذشتہ روز یہاں امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور صوبے میں لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور صوبے میں سرکاری تنصیبات اور قومی املاک کی حفاظت کے لئے ایک جامع سکیورٹی پلان ترتیب دینے کے لئے مختلف فیصلے کئے گئے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے جانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، صوبائی سیکرٹری داخلہ کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے وفاقی اور صوبائی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کے لئے ایک مشترکہ جامعہ حکمت عملی وضع کریں گے۔ صوبے میں تمام اہم قومی املاک جن میں صوبائی اسمبلی کی عمارت، ہائیکورٹ، ریڈیو پاکستان، ٹی وی اسٹیشن، این ٹی سی اور ٹی وی بوسٹرز کے علاوہ دیگر سرکاری املاک شامل ہیں۔ ان کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے اور بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کوئٹہ ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے انتظامات کو مزید مضبوط بنانے اور رن وے کی سکیورٹی مزید سخت و مؤثر بنانے اور ایئرپورٹ کے تمام داخلی راستوں پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایئرپورٹ پر سی آئی پی اور وی آئی پی لاؤنج میں لوگوں کے تحفظ کے پیش نظر تلاشی لینے کے علاوہ ایئرپورٹ سے متصل آبادیوں میں سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ وزیراعلٰی ہاؤس، گورنر ہاؤس، اسمبلی ہال اور سول سیکریٹریٹ میں ذاتی محافظ اور پرائیویٹ مسلح گارڈ کے داخلے پر پابندی ہو گی۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ شہر میں کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی عمل میں لائی جائے۔ صوبے میں قومی شاہراہوں، اور ریلوے پر سفر کرنے والے افراد کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام پبلک مقامات پر سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے علاوہ بجلی کے ٹاورز اور گیس تنصیبات کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ زائرین کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صوبے میں قدرتی آفات و حادثات سے نمٹنے کے لئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ادارے کے دستیاب وسائل سے استفادہ کیا جائے اور شہر میں فائر بریگیڈ کے عملے کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو حالات سے مسلسل باخبر رکھنے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے۔

خبر کا کوڈ : 390897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش