0
Monday 7 Jul 2014 17:48

فاٹا کے بے گھر صحافیوں کو بھی ریلیف دیا جائے، فریڈم نیٹ ورک

فاٹا کے بے گھر صحافیوں کو بھی ریلیف دیا جائے، فریڈم نیٹ ورک
اسلام ٹائمز۔ میڈیا واچ ڈاگ ، فریڈم نیٹ ورک (ایف این) نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور عسکری حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جاری ملٹری آپریشن کے باعث بے گھر ہو جانے والے فاٹا کے 30 سے زائد صحافیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ پاکستان میں پریس اور اظہارِ رائے کی آزادی کی نگرانی کرنے والے پہلے میڈیا واچ ڈاگ فریڈم نیٹ ورک کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صحافیوں کی سیکیورٹی اور حالات کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں اور سول اور عسکری حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان قبائلی صحافیوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دیں۔ وفاقی حکومت نے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے تقریباً 5 لاکھ سے زائد آئی ڈی پیز کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے، تاہم صحافیوں کے لئے کسی مخصوص ریلیف پیکج کا اعلان نہیں کیا گیا۔ فریڈم نیٹ ورک کے مطابق ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس (ٹی یو جے) کے شمالی وزیرستان ایجسنی چیپٹر میں رجسٹرشدہ تمام 32 صحافیوں نے حکام کی اس ہدایت کے بعد علاقہ چھوڑ دیا ہے کہ فوی آپریشن کے باعث اُن کی سیکیورٹی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔ ایف این کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں ڈسٹرکٹ سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے زمینی حقائق سے قوم کو آگاہ کرنے والے ان صحافیوں کے خاندانوں کے لئے بھی سول اور عسکری حکام کو ریلیف پیکج کا اعلان کرنا چاہیے۔ بیان کے مطابق شدت پسندی کے خلاف جنگ میڈیا کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی اور اطلاعات تک رسائی دینے والے یہ بے گھر افراد حکام کی خصوصی توجہ اور مدد کے حق دار ہیں۔ ٹی یو جے، شمالی وزیرستان چیپٹر کے صدر نور بہرام نے بنوں سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے فریڈم نیٹ ورک کو بتایا کہ شمالی وزیرستان سے باہر آئی ڈی پیز کیپمپ میں رہائش پذیر اُن کے ساتھیوں کو کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔ نور بہرام کے مطابق' ہمیں کرایہ ادا کرنے، کچن کا سامان خریدنے اور بچوں اور خواتین کے لیے کپڑے خریدنے کے لئے مالی مدد کی ضرورت ہے۔ اُن کے مطابق یہ لوگ مقامی حکام کی ہدایت پر ہم اپنا سب کچھ اپنے گھروں پر چھوڑ آئے ہیں۔ فریڈم نیٹ ورک نے بنوں میں شمالی وزیرستان آپریشن کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو مناسب سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ نور بہرام کے مطابق بنوں میں کوئی میڈیا سینٹر قائم نہیں کیا گیا، جہاں ملکی و غیر ملکی میڈیا طالبان اور القاعدہ کے عسکریت پسندوں کے خلاف پاک فوج کے سب سے بڑے ملٹری آپریشن کی کوریج میں مصروف ہے۔
خبر کا کوڈ : 397866
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش