0
Thursday 10 Jul 2014 20:50
کراچی کو نظر انداز کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے

وزیراعظم کی سرکلر ریلوے اور لیاری ایکسپریس وے کیلئے سندھ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم کی سرکلر ریلوے اور لیاری ایکسپریس وے کیلئے سندھ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں کراچی کے میگا منصوبوں پر بھی اجلاس ہوا، لیاری ایکپریس وے کا منصوبہ مکمل نہ ہونے پر وزیراعظم چیف سیکریٹری پر ناراض ہوئے، نواز شریف نے سندھ حکومت کو سرکلر ریلوے اور لیاری ایکسپریس وے کیلئے وفاق کے تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، خواجہ سعد رفیق، ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی، چیف سیکریٹری سندھ بھی شریک تھے، اجلاس میں کراچی کے بڑے منصوبے زیر بحث آئے۔ وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا 8 کلو میٹر حصہ اب تک خالی نہیں کرایا جا سکا، منصوبے کی راہ میں 4700 مکانات حائل ہیں، حکومت سندھ نے جائیکا کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ جلد از جلد جگہ خالی کروا کر دے گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے بریفنگ دی کہ لیاری ایکسپریس وے کے صرف 5 کلو میٹر حصے کی تعمیر باقی ہے، حکومت سندھ متاثرین کو معاوضہ دے تو 3 کلو میٹر کا حصہ فوری تعمیر ہو سکتا ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں آبادیوں کا سروے مکمل ہے، معاوضے کی لسٹیں تیار ہیں، لیکن ایک سال سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے بریفنگ سن کر چیف سیکریٹری سندھ کی جانب رخ کیا اور بولے، چیف سیکریٹری صاحب آپ سن رہے ہیں نا، اربوں روپے کا منصوبہ ضائع ہو رہا ہے، سرکلر ریلوے پر سندھ حکومت جائیکا کی شرائط پوری کر دے، وفاق مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا کو جو زمین دینا ہے وہ خالی کرائی جائے، فزیبلیٹی رپورٹ بنائی جائے تو لیاری ایکسپریس وے پر بھی وفاق مدد کرے گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت صرف لاہور کو بنانا چاہتی ہے، کراچی کو نظر انداز کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔
خبر کا کوڈ : 398690
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش