0
Friday 8 Aug 2014 17:58

ڈی آئی خان، سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، بارودی مواد اور ملک دشمن لٹریچر برآمد

ڈی آئی خان، سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، بارودی مواد اور ملک دشمن لٹریچر برآمد
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے متعدد حساس اور خطرناک علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے۔ تین ماہ قبل تھانہ درابن پولیس کی حدودمیں واقع کلاچی موڑ سے چینی سیاح کواغواء کیا گیا تھا۔ اغوائیگی کی ذمہ داری کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر نے لی تھی۔ ڈی آئی جی ڈیرہ حاجی عبدالغفور آفریدی کی نگرانی میں پولیس نے سکیورٹی فورسز کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تحصیل کلاچی کے حساس ترین اور خطرناک علاقوں گرہ مستان، کوٹ ولی داد، کوٹ سلطان میں بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن کیا۔ اس آپریشن میں ایلیٹ فورس کے جوانوں کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے جدید ہتھیاروں سمیت حصہ لیا۔ چینی سیاح کے اغواء میں ملوث مقامی کمانڈر شیر علی سمیت کمانڈر عبدالرحمن عرف دری کے ٹھکانے تباہ کردیئے جبکہ کمانڈر شیرعلی کے والد ظریف اور بھائی خالد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کمانڈر شیرعلی کے کوٹ سلطان میں قائم دینی مدرسے کی بھی تلاشی لی جہاں حجرے سے فرقہ وارانہ اور ملک دشمن سرگرمیوں پر مشتمل لٹریچرز اور پمفلٹ بھی ملے جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ اسی طرح ڈی ایس پی کلاچی ظہورالدین خان مروت کے مطابق پولیس نے آپریشن کو وسیع کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان سے متصلہ بندو بستی علاقے زڑکنی میں بھی سماج دشمن عناصر کے ٹھکانوں پربھی چھاپے مارے جہاں سے خودکش جیکٹس میں استعمال ہونیوالے بارودی مواد، دستی بم، کلاشنکوف، پسٹل اور ہزاروں کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ رابطہ کرنے پر ضلعی پولیس آفیسر صادق حسین بلوچ نے بتایا کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کیخلاف پولیس چھاپوں کاسلسلہ جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 403724
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش