0
Sunday 10 Aug 2014 18:28
ظالم حکمرانوں نے اسرائیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے

طاہرالقادری اور عمران خان مل کر نکلیں حکمران فرار ہوجائیں گے، چوہدری پرویز الٰہی

طاہرالقادری اور عمران خان مل کر نکلیں حکمران فرار ہوجائیں گے، چوہدری پرویز الٰہی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ قاف کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون کو یہاں ہونے والی بربریت کو میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، میں آپ کارکنوں اور عورتوں کے جذبوں کی داد دیتا ہوں، اپنے نہتے ہونے کے باوجود گولیوں کا مقابلہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے فوری بعد میں ہسپتال پہنچا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سانحہ کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں جب بھی موقع دیا ہم اس واقعہ کا بدلہ ضرور لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے جب ظالم حکمرانوں کے گریبان ہوں گے اور عوام کے ہاتھ ہوں گے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ مسلم لیگ قاف ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہے اور انہیں تنہا نہین چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے جو حالات پیدا کر دیئے ہیں یہ ظلم کا ریکارڈ ہے، پاکستان میں اس سے قبل ایسا ظلم کسی حکمران نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے سیاسی تجربے کی بنیاد پر کہنا چاہوں گا کہ ظالم حکمران زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری آزادی مارچ کے لئے مل کر نکلتے ہیں تو یہ بھیرہ بھی نہیں پہنچیں گے کہ یہ بزدل حکمران بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مطالبہ اور وقت کا تقاضا ہے کہ مل کر نکلیں اور پھر دیکھیں یہ حکمران بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں نے اسرائیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اسرائیل بھی مسلمانوں کو مار رہا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف بھی مسلمانوں کو مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بتائیں کتنے بندے ماریں گے، بندے ختم نہیں ہوں گے، تمھارے مظالم ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں پولیس کو ملک کی مثالی پولیس بنایا، میرے دور میں پولیس اس طرح کام نہیں کرتی تھی، میں ان پولیس والوں کا ماتھا چوموں گا جو ظالم حکمرانوں کا حکم ماننے سے انکار کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو کنٹینر لگا کر بند کرنے سے حکمرانوں کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 404040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش