0
Thursday 21 Aug 2014 13:16

کراچی، پادری کے اغواء میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کے 2 اہلکار ملوث نکلے

کراچی، پادری کے اغواء میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کے 2 اہلکار ملوث نکلے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں بلوچ کالونی پولیس نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کے 2 اہلکاروں سمیت 3 اغوا کاروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مغوی پادری کو بازیاب کرالیا، ملزمان نے کارلفٹنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان مصطفی لاسی، غلام عباس اور زبیر کو گرفتار کر کے مغوی پادری رزاق جان کو بازیاب کرا لیا۔ ایس ایچ او بلوچ کالونی عبدالفتح نے بتایا کہ اے ایس آئی مصطفیٰ لاسی اینٹی کار لفٹنگ سیل شریف آباد اور کانسٹیبل غلام عباس اے سی ایل سی آرٹلری میدان میں تعینات ہیں، زبیر بطور ڈرائیور کی حیثیت سے ملزمان کے ساتھ کام کرتا ہے، ملزمان نے چند روز قبل بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں جونیجو کالونی سے ایک پادری رزاق جان کو اس کی گاڑی سمیت اغوا کیا تھا اور چرچ کیلئے جمع کئے گئے چندے کی رقم سے بھرا باکس بھی اٹھا کر لے گئے تھے۔ ملزمان نے مغوی پادری سے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا تاہم پولیس نے فون کال کے ذریعے ملزمان کی موجودگی کا پتہ لگا کر چھاپہ مارا اور تینوں اغوا کاروں کو گرفتار کر کے مغوی پادری کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اے سی ایل سی میں تعیناتی کا فائدہ اٹھا کر تصدیق کیلئے آنے والے شہریوں کی گاڑیوں کو چوری یا ٹیمپرڈ قرار دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے کی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ بلوچ کالونی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان سے تفتیش شروع کر دی۔
خبر کا کوڈ : 405940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش