0
Sunday 24 Aug 2014 19:26

آج دو بڑے نام پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرینگے، عمران خان کا دعویٰ

آج دو بڑے نام پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرینگے، عمران خان کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے استعفے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔ آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے تک استعفیٰ دینا ہوگا۔ اگر ثابت ہو جائے کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی تو نواز شریف واپس اپنے عہدے پر آ جائیں۔ انتخابات سے متعلق تحقیقات میں جو چیز آئےگی وہ ہمیں منظور ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے کہ نواز شریف آج مذاکرات کیلئے اپنی ٹیم کو بھیج رہے ہیں۔ وزیراعظم سے کہتا ہوں کہ مذاکراتی ٹیم کو بھیجنے سے پہلے کنٹینرز ہٹا دیں کیونکہ کنٹینرز لگوا کر لوگوں کے روزگار کو ختم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم رکاوٹیں کھڑی کرکے غیر آئینی کام کر رہے ہیں۔ یہ رکاوٹیں اور کنٹینرز بھی انکا اقتدار نہیں بچا سکتے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ آزادی تحریک اب پورے ملک میں پھیلنے والی ہے۔ نواز شریف نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتے۔ ان کے استعفے کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی نے تسلیم کیا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔ زرداری صاحب اب کس منہ سے جمہوریت چلنے کی بات کرتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر زرداری، نواز شریف سے کہیں کہ ہماری ڈیمانڈ جائز ہے اور نواز شریف ایک ماہ کیلئے استعفیٰ دیدیں کیونکہ نواز شریف کے استعفے کے بغیر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ عمران خان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں! آپ نے میرا دل خوش کر دیا ہے، آج کا دن فیصلہ کن دن بناﺅ، اپنے ملک اور بچوں کے مستقبل کیلئے نکلو، آج رات لوگوں کو بتاوں گا کہ سول نافرمانی تحریک کیا ہوتی ہے؟۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ نواز شریف کے استعفے دینے تک لوگ سرکاری بینکوں سے اپنے پیسے نکال لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس نیا پاکستان بننے تک شادی کے متعلق سوچنے کا بھی وقت نہیں ہے۔ جب نیا پاکستان بنے گا تو مجھے شادی کا سوچنے کا وقت ملے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج دو بڑے نام پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 406470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب