0
Thursday 28 Aug 2014 19:30

پاک فوج کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے مکرم ترین نے گلگت سے پندرہ روزہ سفر کا آغاز کر دیا

پاک فوج کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے مکرم ترین نے گلگت سے پندرہ روزہ سفر کا آغاز کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے معروف موٹر سائیکلسٹ سیاح مکرم ترین نے گلگت پریس کلب سے کراچی تک 15 روزہ سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ مکرم ترین گلگت پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرنے کے لیے اپنے موٹرسائیکل پر پہنچا۔ گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں گلگت سے کراچی تک موٹر سائیکل پر پندرہ روزہ سفر کا آغاز کر رہا ہوں جس کا مقصد پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے پاک سرزمین کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ دوران سفر سب سے پہلے لالک جان شہید نشان حیدر کے مزار پر حاضری دوں گا اور قومی پرچم بلند کروں گا جس کے بعد پاک فوج کے دیگر ایسے 10 شہداء جنہوں نے نشان حیدر حاصل کیا ہے، جن میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید صوابی، کیپٹن محمد سرور شہد گوجر خان، میجر طفیل محمد شہید وہاڑی، میجر عزیز بھٹی گجرات، راشد منہاس شہید کراچی، میجر شبیر شریف شہید لاہور، سوار محمد حسین شہید گوجر خان، میجر محمد اکرام شہید جہلم، لانس نائک محفوظ شہید راولپنڈی شامل ہیں، کے مزاروں پر حاضری دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی سرکاری تعاون کے اپنے ذاتی اخراجات پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے دشوار گزار علاقوں میں سفر کر رہا ہوں۔

مکرم ترین نے کہا کہ گلگت سے کراچی تک 3200 کلو میٹر کا سفر طے کر کے 6 ستمبر کو کراچی میں مزار قائد پر حاضری دے کر اپنے سفر کا اختتام کروں گا۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ خدمت خلق کے لئے کام کیا ہے اور میرے سفر کا مقصد بھی یہی ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کر سکوں اسی لئے میں نے معذور افراد کی فلاح و بہبود، مختلف امراض سے متعلق آگاہی اور سیاحت کی ترقی کے لئے ذاتی کوششوں سے دنیا کے 16 ممالک میں 97 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرچکا ہوں اور اب مستقبل میں یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے پاکستان سے جرمنی تک کے سفر کا ارادہ ہے۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کسی شہری نے اس نوعیت کا سفر شروع کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 407116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش