0
Saturday 6 Sep 2014 23:06

پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک اور سکھ تاجر ہلاک

پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک اور سکھ تاجر ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں دہشتگردوں نے ایک اور سکھ تاجر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا، پولیس کے مطابق یہ واقعہ پشاور شہر کے گنجان آباد علاقے نوتھیہ بازار میں پیش آیا۔ گلبرک پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او ریاض علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ڈبگری گارڈن سے تعلق رکھنے والے سکھ تاجر ارجیت سنگھ اپنی دکان میں موجود تھے کہ مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہوگئے، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور دو تھے جو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ کے اردگرد واقع علاقے سے چند مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران اقلیتی براداری پر یہ اپنی نوعیت کا تیسرا حملہ ہے۔

ایک ماہ قبل پشاور میں ہشت نگری کے علاقے میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دکانداروں پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک سکھ ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے، پشاور میں مقیم سکھ برادری کی جانب سے اس واقعے کے خلاف مظاہرے بھی کیے گئے تھے، چند دن قبل مردان میں بھی ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ایک دکاندار کو مسلح افراد نے چاقوں کے وار کرکے ہلاک کردیا تھا، اسی طرح چند ماہ قبل پشاور سے محلق ضلع چارسدہ میں بھی سکھ حکیموں پر حملے کئے گئے تھے جس میں دو سکھ مارے گئے تھے۔ قبائلی علاقوں میں سکھوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا اور وہاں جاری فوجی کارروائیوں کے باعث اب بیشتر سکھ خاندان پشاور منتقل ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 408557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش