0
Saturday 13 Sep 2014 19:19

خیر العمل فاؤنڈیشن آخری فرد کی بحالی تک متاثرین سیلاب کا ساتھ دے گی، ایم ڈبلیو ایم

خیر العمل فاؤنڈیشن آخری فرد کی بحالی تک متاثرین سیلاب کا ساتھ دے گی، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فائونڈیشن متاثرین سیلاب کے لیے راشن کی پہلی کھیپ جلد روانہ کر رہی ہے۔ ضلع سرگودھا، چنیوٹ اور جھنگ کے متاثرہ علاقوں میں راشن اور کھانا تقسیم کیا گیا، ریلیف کیمپس بھی لگ گئے ہیں۔ خیرالعمل فائونڈیشن نے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فائونڈیشن کے وفد جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، پنجاب کے صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود مسرت کاظمی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ظفر چشتی، تہور عباس نے تینوں اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران متاثرین سے ملاقات کر کے درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون اور دوبارہ بحالی کے مرحلے تک ساتھ دینے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے تینوں اضلاع کے سیکرٹریز جنرل سید ظفر بخاری ایڈوکیٹ، علامہ اظہر کاظمی اور سید انیس زیدی سمیت کارکنان ایک بڑی تعداد میں موجود تھے۔

خیرالعمل فائونڈیشن کی طرف سے ضلع چنیوٹ میں 7 مقامات پر ریلیف کیمپس لگے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقے کوٹ امیر حسین شاہ میں تقریبا 200 کے قریب خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا، میڈیکل کیمپ بھی لگا ہوا ہے، جہاں متاثرین سیلاب کا فری علاج کیا جا رہا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ تینوں اضلاع کے مختلف متاثرہ علاقوں میں پکا ہوا کھانا بھی مسلسل تقسیم کیا جا رہا ہے۔ وفد کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیلاب سے بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جسکا تاحال اندازہ لگانا مشکل ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ حکمرانوں کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نظر نہیں آ رہے اور متاثرین تاحال کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا خیرالعمل فائونڈیشن آخری فرد کی بحالی تک متاثرین سیلاب کے ساتھ رہیگی۔
خبر کا کوڈ : 409555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش