0
Saturday 13 Sep 2014 21:41

پی ٹی وی پرحملہ کرنیوالوں کی گرفتاری پر واویلا نہیں کیا جائے، چوہدری نثار

پی ٹی وی پرحملہ کرنیوالوں کی گرفتاری پر واویلا نہیں کیا جائے، چوہدری نثار
اسلام ٹائمز۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے بیس افراد کی شناخت ہو گئی، سات کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کہتے ہیں پی ٹی آئی اور عوامی تحریک نے کہا کہ حملہ کرنے والے ہمارے لوگ نہیں اب دونوں پارٹیز کو اعتراض نہیں کرنا چاہیئے۔ پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کے چہروں کو کیمروں نے ریکارڈ کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا حملہ کرنے والوں کا ریکارڈ بھی نادرا سے چیک کیا گیا اور جن چہروں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ان کی شناخت کے لئے ایک لاکھ روپے انعام رکھ دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا حملہ کرنے والے ہر شخص تک پہنچیں گے اور ابھی تک 20 لوگوں کی شناخت ہو چکی ہے جن میں سے 7 گرفتار ہو چکے ہیں۔ بھیرہ انٹرچینج میں جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 2 شخص گرفتار ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی، عوامی تحریک نے کہا کہ حملہ کرنے والے ہمارے لوگ نہیں اب دونوں پارٹیز کو اعتراض نہیں کرنا چاہیئے۔ تمام حملہ آوروں کو تصاویر کے ذریعے گرفتار کیا جائے گا اور صرف حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کہتے ہیں جلسے میں چار مقامات پر کنڈے لگا کر بجلی چوری کی جا رہی ہے پانی کی مین پائپ لائن سے پانی بھی چوری کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے بجلی چوری کرنے والے کنڈے، چوری کی پائپ لائن، دھرنوں میں کارکنوں کی زیر استعمال غلیل اور ڈنڈا بردار کارکنان کے تشدد کی تصاویر میڈیا کو دکھا دیں۔ انہوں نے کہا پہلی بار پولیس کو اسلحہ نہیں دیا گیا ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ کارکنان کے پاس ہتھیار ہیں اور کل 12 لوگ رپیٹرز کیساتھ گرفتار کیے جن کے پاس لائسنس بھی نہیں تھے۔ 12 لوگوں میں سے ایک کے پاس پولیس کا چرایا ہوا وائر لیس سیٹ بھی ملا، درجنوں کی تعداد میں غلیلیں اور پولیس سے چوری کیے ہوئے درجنوں گیس ماسک بھی ملے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومتی وضاحت کے بعد مذاکرات میں تعطل ختم ہو جانا چاہیئے۔ مسائل سڑکوں پر نہیں مذاکرات کی میز پر حل ہوں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پی ٹی وی حملہ کیس میں 20 افراد کی نشاندہی ہو گئی ہے جن میں سے 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ حملہ میں ملوث دیگر افراد کو تصویر سے شناخت کرکےگرفتار کیا جائیگا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ پرسوں رات سے گرفتاریوں پردونوں جماعتوں کو اعتراض نہیں کرنا چاہیئے، دونوں جماعتوں نےکہا تھا کہ پی ٹی وی پرحملہ کرنیوالوں کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک شور نہ کرے کہ ہمارےکارکن گرفتار ہو رہے ہیں، ہم تصویروں سے نشاندہی کرکے گرفتاریاں کر رہے ہیں، ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے، غلط گرفتاریاں ہوئیں تو دونوں جماعتوں کے قائدین ہمیں بتائیں، ازالہ کرینگے، اس موقع پر انہوں نے ڈنڈا بردار کارکنوں کی تصاویر میڈیا کو دکھائیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ پی ٹی وی پرحملہ حکومت کے خلاف نہیں ریاستی ادارے کے خلاف تھا، پی ٹی وی کے اندر سے قیمتی کیمرے چوری کیے گئے۔ یقین دلاتا ہوں کہ بےقصور شخص کو ہاتھ تک نہیں لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پرحملہ کرنیوالوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے، دھرنوں میں 4مقامات سے کنڈے لگا کر بجلی چوری کی جا رہی ہے، شاہراہ دستور پر کنڈے لگا کر بجلی چوری کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مظاہرین میں سے کچھ کے پاس اسلحے کی اطلاع ہے۔ گذشتہ روز 12 افراد کو گرفتار کیا جن کے پاس 12 بور ریپیٹرز تھیں، ان 12 افراد کے پاس سے ملنے والے اسلحے کا لائسنس ابھی تک پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاع ہے کہ 5 سے 6 دہشتگرد اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں، خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر آئے اس لیےڈبل سواری پر پابندی لگائی، انٹیلی جنس اطلاع ہےکہ دونوں دھرنوں پر خودکش حملےہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں نے پولیس اہلکار کو پکڑ کر گھنٹوں الٹا لٹکایا، کل گرفتار کیے گئے ایک فرد سے وائرلیس فون برآمد ہوا، پولیس سے گیس ماسک چھینے گئے، پولیس پرحملہ کرنیوالے ایک ایک شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ پی ٹی وی پرحملہ کرنیوالوں کی گرفتاری پر واویلا نہیں کیا جائے، دونوں جماعتیں کہہ چکی ہیں کہ پی ٹی وی پرحملہ انہوں نےنہیں کیا، پائپ لائن کاٹ کر پانی بھی چوری کیا جا رہا ہے، پانی و بجلی چوری کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا ہے، بجلی پانی چوری کرنیوالےدھرنے کے اندر یا باہر کہیں بھی ملیں انھیں گرفتار کرینگے، پولیس پرحملہ کرنیوالے کہیں بھی چلے جائیں، انھیں گرفتار کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 409568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش