0
Thursday 18 Sep 2014 23:44
سیاسی جرگے کو بتا دیا کہ استعفٰی کے بغیر نہیں جائینگے

امام خمینی سے لوگ اس لئے محبت کرتے ہیں کہ انہوں نے سادہ زندگی گزاری اور ظالموں کا مقابلہ کیا، عمران خان

امام خمینی سے لوگ اس لئے محبت کرتے ہیں کہ انہوں نے سادہ زندگی گزاری اور ظالموں کا مقابلہ کیا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا ہمیشہ اسے یاد رکھتی ہے جو ظالموں کیخلاف کھڑا ہوا ہو، امام خمینی (رہ) اس شاہ ایران کیخلاف کھڑے ہوئے تھے جو بہت بڑا شاہ کہلاتا تھا، شاہ ایران نے ہزاروں لوگوں کو قتل کرایا، جس طرح آجکل یہاں پر بادشاہ سلامت قتل عام کرا رہے ہیں اور پولیس کے ذریعے سے تشدد کرا رہے ہیں، ٹھیک اسی طرح شاہ ایران بھی تشدد کراتا تھا لیکن ایک وقت آیا کہ شاہ ایران کو ملک سے بھاگنا پڑا، یہ وقت پاکستان میں بھی آنے والا ہے، عمران خان نے کہا کہ پولیس نے ظلم کی انتہا کرکے بلآخر شاہ ایران کو جواب دے دیا تھا کہ ہم مزید تشدد نہیں کرسکتے، اس دن شاہ ایران سے بھاگ گیا، اپنے آپ کو عظیم سمجھنے والے شخص کو کوئی ملک اپنے ملک میں قبر کی جگہ دینے پر راضی نہیں تھا، جب امام خمینی (رہ) کا انتقال ہوا، اس روز تیس لاکھ لوگ نکلے اور ان کا جنازہ پڑھا۔ ایسا اس لئے ہوا کہ امام خمینی (رہ) نے تمام محلات کو عجائب گھروں میں تبدیل کر دیا تھا، وہ محلات میں نہیں رہے، انہوں نے اپنے عمل سے بتایا کہ یہ عوام کے پیسوں سے محلات تعمیر ہوئے ہیں، جن میں ہم نہیں رہنا چاہتے، اس لئے لوگوں نے ان کا ساتھ دیا اور ان سے محبت کرتے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی جرگے پر واضح کر دیا کہ وزیراعظم نواز شریف سے کوئی بات نہیں ہوگی، اگر وہ استعفٰی نہیں دیں گے تو ان کے لیے حکومت کرنا مشکل ہوجائے گا۔ اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کل تاریخی دھرنا دے کر ثابت کرنا ہے کہ یہ زندہ قوم ہے، پولیس کی جانب سے لگائی جانے والی رکاوٹوں کے باجود ملک بھر سے لوگ دھرنے میں شریک ہوکر حکمرانوں کو بتا دیں کہ وہ ان سے ڈرنے والے نہیں ہیں، قوم قائداعظم کا پاکستان بنانے نکلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دھرنے کو غیر قانونی کہا گیا جبکہ پارلیمنٹ والے بتائیں دھرنے میں کیا چیز غیر قانونی ہے، میری 18 سال کی سیاست ایک طرف اور دھرنے کے 35 دن ایک طرف ہیں، میرے نزدیک الیکشن جیتنے سے زیادہ بہتر ہے کہ قوم جاگ جائے، اب ملک بھر میں تحریک چلائیں گے، جس کے لیے کراچی والے بھی تیار رہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے کم ٹیکس پاکستان میں اکٹھا کیا جاتا ہے، جب وزیراعظم ٹیکس نہیں دیتے تو عوام کیوں دیں گے، نواز شریف بتائیں وہ انگلینڈ میں 2 ارب روپے ٹیکس دیتے ہیں اور پاکستان میں کتنا دیتے ہیں؟ اگر نواز شریف اپنا پیسہ ملک میں لے آئیں تو سرمایہ کار بھی یہاں آجائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جہاں جاتے ہیں وہاں ’’ گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگتے ہیں، لگتا ہے کہ نواز شریف نے اپنا دورہ سکھر سیلاب متاثرین کے نعروں کے خوف کی وجہ سے ہی ملتوی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں تقریریں کرنے والے عوام کے جاگنے پر ڈرے ہوئے ہیں اور جو جتنا بڑا چور ہے، اتنا ہی زیادہ شور مچا رہا ہے، جبکہ خطرہ انہیں ہمارے نظریئے سے ہے کیونکہ عوام اپنے حقوق سمجھ چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 410388
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش