0
Tuesday 23 Sep 2014 21:30

سیلاب زدگان کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے جعفریہ یوتھ کی خدمات کا دوسرا مرحلہ

سیلاب زدگان کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے جعفریہ یوتھ کی خدمات کا دوسرا مرحلہ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اور سندھ میں تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرین کی مدد کے لئے جعفریہ یوتھ کی طرف سے دوسرے مرحلے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ضلع جھنگ کے علاقوں اٹھارہ ہزاری، گڑھ مہاراجہ، تروڑ بلوچ، احمد پور سیال، کوٹ بہادر، موضع درگئی شاہ، روڈو سلطان، پہاڑ پور، اسلام پور نشیب، سیوہ سادات، روڈو بلوچ، عباس والا، منڈے سیداں اور دیگر علاقوں میں جبکہ مظفرگڑھ میں جوآنہ بنگلہ اور موضع یوسف پور پٹڑی سادات میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ہزاروں مریضوں نے مفت استفادہ کیا اور تمام مریضوں کو بلاتفریق مسلک و مذہب طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی اور جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلٰی سید اظہار بخاری تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مرکزی ٹیم کے رکن سید خطیب الحسن ترمذی اور نوید چیمہ کی تنظیم میں ڈاکٹر ضیغم عباس اور ڈاکٹر مظفر حسین لغاری نے مریضوں کا معائنہ و علاج کیا۔ مذکورہ علاقوں شیعہ علماء کونسل کے ضلعی صدور، تحصیل صدور، جعفریہ یوتھ کے ضلعی و تحصیل ناظمین، علماء کرام، مقامی عمائدین اور کارکنان نے میڈیکل کیمپوں کو منظم اور منعقد کرنے میں بھرپور تعاون اور فعالیت کا مظاہرہ کیا۔ ان میں سید مسعودالحسن ترمذی، مولانا غلام حر قمی، سید اختر حسین بخاری، سید الطاف حسین بخاری، سید محمد رضا شاہ، مولانا مختار حسین، منظر عباس، نیر عباس، سید جوہر علی شاہ، مولانا کامران حسین مطہری، سید مہدی الحسینی، سردار منظور حسین خان اور دیگر تنظیمی ذمہ داران شامل تھے۔ تیسرے مرحلے میں ملتان اور مظفر گڑھ کے نواحی علاقوں بالخصوص علی پور، شجاع آباد کے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔

جعفریہ یوتھ کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج اور مدد کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ہر علاقے میں بلاتفریق مذہب و مسلک تمام متاثرین کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے بالائی علاقوں سے شروع ہونے والے یہ سلسلہ اب آخری مراحل میں پنجاب کے آخری علاقوں میں اپنی خدمات انجام دینے کے لیے آمادہ ہے، جس کے بعد سندھ کے متاثرہ علاقوں میں اسی انداز اور طرز پر متاثرین سیلاب کے دکھ بانٹنے اور انہیں علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلٰی سید اظہار بخاری نے ان خدمات میں معاونت کرنے والے تمام بزرگان و برادران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی جگہ میڈیکل کے حوالے سے خدمات کی ضرورت ہو تو شیعہ علماء کونسل یا جعفریہ یوتھ کے ذمہ داران سے رابطہ کیا جائے، انشاءاللہ جعفریہ یوتھ کی امدادی ٹیم شیڈول مرتب کرکے حاضر ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 411251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش