0
Monday 29 Sep 2014 22:28

کوئٹہ کسٹم نے ائیرپورٹ روڈ پر ایک ٹرک سے 62 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی، ظہور اختر راجہ

کوئٹہ کسٹم نے ائیرپورٹ روڈ پر ایک ٹرک سے 62 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی، ظہور اختر راجہ
اسلام ٹائمز۔ ماڈل کلکٹریٹ کوئٹہ کسٹم کے کلکٹر ظہور اختر راجہ نے کہا ہے کہ خفیہ اطلاع ملنے پر کسٹم کے عملے نے ائیرپورٹ بائی پاس روڈ پر ایک ٹرک سے 62 کروڑ روپے مالیت کی 123 کلو گرام مارفین برآمد کرکے قبضے میں لے لی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ گذشتہ شب کسٹم کے عملے کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم اسمگلر افغانستان سے ایران منشیات کی کھیپ کوئٹہ بلوچستان کے راستے سمگل کرنا چاہتے ہیں۔ جس پر کسٹم اسکواڈ اور کسٹم کی موبائل ٹیموں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ائیرپورٹ کے علاقے میں بائی پاس پر ایک مشکوک ٹرک کو روکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے ٹرک بھگا دیا اور آبادی کے قریب جاکر ٹرک کو چھوڑ کر آبادی میں روپوش ہوگیا۔ کسٹم کے عملے نے ٹرک قبضے میں لیکر اس کی تلاشی لی تو اس کے خفیہ ٹول بکس اور دیگر بنائے جانے والے خانوں میں چھپائی گئی 123 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی مارفین برآمد کرکے ٹرک قبضے میں لے لیا۔ مارفین 2 کلو کے 61 پیکٹ اور ایک کلو والے 1 پیکٹ میں چھپائی گئی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اسمگلر افغانستان سے ژوب، کوئٹہ اور دالبندین چاغی کے راستے سے ایران لے جانا چاہتے تھے۔ کسٹم کے عملے نے اسمگلروں کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ بلوچستان میں کافی عرصے سے موجودہ بدامنی کی صورتحال اورحالات کے پیش نظر کسٹم موبائل اسکواڈ کی ٹیمیں گشت نہیں کررہی تھی۔ نہ ہی کوئی کاروائی کررہی تھی۔ اب حالات سازگار ہو رہے ہیں اور کسٹم کا عملہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریگا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ مارفین کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 62 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ قبضے میں لئے جانے والے ٹرک کی رجسٹریشن صوبہ خیبرپختونخوا سے ہوئی ہے۔ کسٹم ہاؤس پشاور اور ایکسائز رجسٹریشن اتھارٹی سے مذکورہ ٹرک کی رجسٹریشن کس شخص کے نام سے ہوئی ہے، چیک کررہے ہیں۔ تاہم قبضے میں لئے جانے والے ٹرک کی مالیت 60 سے 70 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ کسٹم کے عملے نے اس سے قبل بھی منشیات برآمد کی ہیں جس میں چرس، ہیروئن، مارفین اور کرسٹل شامل ہے لیکن پہلی بار کسٹم کے عملے نے اتنی بڑی مقدار میں مارفین قبضے میں لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم کا کام ہی اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔ جس کیلئے ہم بلاتفریق کاروائیاں کرینگے تاکہ ملک کو اس ناسورسے نجات دلائی جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 412352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش