0
Friday 3 Oct 2014 22:48
30 سال کے مقاصد باون دن میں حاصل کرلئے

الیکشن بھی لڑیں گے اور انقلاب کی جنگ بھی جاری رہے گی، علامہ طاہرالقادری

الیکشن بھی لڑیں گے اور انقلاب کی جنگ بھی جاری رہے گی، علامہ طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کہتے ہیں کہ الیکشن بھی لڑیں گے، انقلاب کی جنگ بھی جاری رہے گی اور قومی حکومت کے قیام کا مطالبہ بھی کرتے رہیں گے۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے لاہور، گوجرانوالہ اور سندھ کے کارکنوں کو گھروں کی واپسی کی اجازت بھی دیدی۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے کہا کہ اس ملک میں طاقتور جو چاہے کرسکتا ہے۔ مظلوموں کو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔ انقلاب صرف عوامی تحریک کے سڑکوں پر آنے سے نہیں آئے گا۔ لوگ بھی گھروں سے نکلیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ انتخاب برسوں بعد آتا ہے۔ عوامی تحریک الیکشن بھی لڑے گی اور انقلاب کی جنگ بھی جاری رہے گی۔ قومی حکومت کے قیام کا مطالبہ بھی کرتے رہیں گے۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ وہ شہر شہر جا کر لوگوں کے مسائل بھی سنیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی شاہراہ دستور سے واپسی کا عمل جاری ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی باقاعدہ اجازت کے بعد سندھ، لاہور اور گوجرانولہ سے دھرنے میں شریک کارکنوں نے رخت سفر باندھ لیا ہے۔ واپس جانے والے دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ وہ اپنے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی اجازت سے واپس اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔ بارہ اکتوبر کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا کہ تھا کہ ملک میں تبدیلی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ انقلاب مارچ اپنی منزل پر ضرور پہنچے گا۔ واضح رہے کہ انقلاب مارچ کے دھرنے میں شریک اوکاڑہ اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے تقریباً دو سو کے قریب شرکاء گذشتہ روز واپس چلے گئے تھے۔  

دیگر ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ انقلاب مارچ کا سفر جاری رہے گا، باون دن کی جدوجہد سے وہ نتائج حاصل ہوئے ہیں جو کہ تیس سال کی جدوجہد میں بھی حاصل نہیں ہوئے تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ عوام میں شعور کی لہر دوڑ چکی ہے اور لوگ اپنے حقوق سے ناصرف آشنا ہوچکے ہیں بلکہ ان کے حصول کے لئے آواز بھی اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزیرِاعظم کے خلاف ایف آئی آر کٹی، سینیٹر کو جہاز سے اتار دیا اور وزیراعظم کے خاندان کی ملازمہ کو جہاز سے اتار دیا گیا۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک انقلابی جدوجہد بھی جاری رکھے گی اور ملک میں ہونے والے تمام انتخابات میں بھی حصہ لے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات تو مشکل ہے، اب تو قومی الیکشن ہوتے نظر آرہے ہیں۔ طاہر القادری کا یہ بھی کہنا تھا کہ معاشرے میں سے رواداری ختم ہوتی جا رہی ہے، اسی وجہ سے معاملات خراب ہو رہے ہیں، اختلافِ رائے کا احترام کرنا بے حد ضروری ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کل شام وہ اہم اعلان کریں گے، جس میں وہ عید کہاں منائیں گے اور عید کے موقع پر دھرنا جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا اعلان بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 413079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش