0
Friday 22 Oct 2010 21:29

5 سالہ دفاعی امداد کے تحت پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینگے،ہلیری کلنٹن

5 سالہ دفاعی امداد کے تحت پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینگے،ہلیری کلنٹن
واشنگٹن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کو مدد کی ضرورت ہے،متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے پاکستانی حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ واشنگٹن میں اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ دفاعی امداد کے تحت پاکستان کو 2 ارب ڈالر فراہم کیے جائینگے۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے،سیلاب سے متاثرہ کچھ جگہوں پر ابھی تک امداد نہیں پہنچ سکی۔پاکستان میں توانائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ونڈ پاور انرجی کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امداد کے امریکی اعلانات پاکستان سے اس کے لگاؤ کا اظہار ہے اور پاکستان کے عوام امریکا سے ملنے والی امداد کے معترف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں پاکستان،امریکا کے یہ تیسرے اسٹریٹجک مذاکرات ہیں،پاکستان اور امریکا دہشت گردی کیخلاف مل کر جنگ کر رہے ہیں،اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے اور اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ بھی نہیں کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ پاکستان اور امریکا کی پالیسیاں ایک سمت میں ہوں۔ 
سیلاب کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سیلاب نے پاکستان میں لوگوں،فصلوں اور اثاثوں کو نقصان پہنچایا،سیلاب سے متاثر ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کیلئے کام کرنا ہے، اس تباہی سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو متحرک ہونا ہو گا،سیلاب سے تباہی پر قابو پانے اور بحالی کیلئے مشکل چیلنج کا سامنا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں لاکھوں بے گھر لوگوں کو آباد کرنا ہے،سیلاب زدگان مایوس نہیں،نئی زندگی شروع کر رہے ہیں۔
آج نیوز کے مطابق پاکستان اور امریکا کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں مختلف شعبوں میں تعاون کی حکمت عملی طے کر لی گئی،امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو دو ارب ڈالر کی فوجی امداد دے گا جس کے جلد اجراء کے لئے کانگریس سے بات کی جائے گی۔واشنگٹن میں پاک امریکا ڈائیلاگ کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے کہا کہ تیرہ ورکنگ گروپس معاہدے کے قریب ہیں دونوں ملکوں کے ملٹری ورکنگ گروپس نے دہشتگردی کیخلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اہم اتحادی ہے۔پاک فوج کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔کانگریس سے دو بلین ڈالر کی فوجی امداد کی درخواست کی ہے جبکہ پچھتر لاکھ ڈالر سویلین پروجیکٹس کے لئے دیئے جائیں گے۔یہ فوجی اور سویلین امداد دو ہزار بارہ سے دو ہزار سولہ تک دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پائیدار اور مضبوط تعلقات ہیں۔ سیلاب زدگان کی بحالی میں امریکا ہرممکن مدد کر رہا ہے،انفرا اسٹرکچر کی تعمیر میں بھی تعاون کے لئے تیار ہیں۔گندم اور سبزی کے بیج فراہم کر رہے ہیں سیلاب سے دو کروڑ افراد متاثر ہوئے سردیوں میں انہیں چھت کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات سے آگاہ ہیں اور ایک سو پچاس میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے پلانٹ لگایا جائے گا، ہیلری کلنٹن نے زور دیا کہ پاکستان کو ٹیکس بیس بڑھانا ہو گا۔ 
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تیرہ ورکنگ گروپس میں سے دس نے مذاکرات مکمل کر لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ایک کروڑ افراد بے گھر ہوئے اور سیلاب متاثرین کیلئے حکومت اور عوام نے بھرپور کردار ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد اب بھی بے گھر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تیس ہزار پاکستانی شہری اور سات ہزار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کا تحفظ اولین ترجیح ہے،جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا،نہتے کشمیریوں کو بھارتی فوج مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی سے امن قائم ہو سکتا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان ہر طرح کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 41321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش