0
Thursday 30 Oct 2014 20:44
محرم الحرام کے دوران شرپسند عناصر متحرک ہوچکے ہیں

حکومت کی دوغلی پالیسی سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، مظہر عباس علوی

حکومت کی دوغلی پالیسی سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، مظہر عباس علوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی، سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، صدر شیعہ علماء کونسل ضلع لاہور علامہ حسن رضا قمی، سیکرٹری اطلاعات پنجاب علی عمران علوی سمیت دیگر نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام مقدس مہینہ ہے، جس میں ظالم و جابر حکمران یزید کیخلاف حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم و لازوال قربانی کی یاد منائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال عزاداری امام حسین علیہ السلام کے پروگرامز ہوتے ہیں جن میں امن، یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دیا جاتا ہے، لیکن بدقسمتی سے محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی شرپسند عناصر بھی متحرک ہوجاتے ہیں اور عزاداری کی راہ میں رکاؤٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر قیام امن کے لئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے ہیں، ہم نے ہمیشہ شہری آزادی اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کی مقدسات کے احترام کی تلقین کی ہے، لیکن اس سال محرم کے آغاز کے ساتھ ہی پہلے سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جگہ جگہ شرپسند تکفیری عزاداری کے راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم کو پنجاب میں پہلی دفعہ بغیر اجازت جلوس نکالے گئے، جلوسوں میں تکفیری نعرے لگائے گئے، اشتعال انگیز تقاریر کی گئیں، شرپسند مواد پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور کھلے بندوں چوراہوں میں اسلحہ لہرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ان شرپسندوں کو روکتے ہوئے گھبراتی ہے، حکومت کی دوغلی پالیسی کے باعث شریف شہری اور عزادار بے چینی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایسی امن کمیٹیاں بنائی ہیں، جن میں غیر معروف لوگوں کو نمائندگی دی گئی ہے، جو کسی طور بھی عوام میں اثرورسوخ نہیں رکھتے، وہ قیام امن میں ذرہ بھر بھی کردار ادا کرنے کے اہل نہیں، ایسی امن کمیٹیوں کے ذریعے عزاداری پر قدغن لگائی جا رہی ہے، جس مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عزاداروں کو پریشان کرنے کی بجائے شرپسندوں اور دہشت گردوں کو لگام دے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجلس والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، جلوس کے راستوں پر صفائی کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سکیورٹی انتظامات سے ہم مطمئن نہیں، کیونکہ ضابطہ اخلاق بناتے وقت ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شرپسندوں کو لگام دے، تاکہ سانحہ راولپنڈی جیسے سانحات دوبارہ نہ ہوں۔
خبر کا کوڈ : 417326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش