0
Sunday 2 Nov 2014 13:54

کراچی سینٹرل جیل پر حملے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے

کراچی سینٹرل جیل پر حملے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ 9 اور 10 محرم الحرام میں کراچی سینٹرل جیل پر دہشتگردوں کے حملے کا خطرہ بدستور موجود ہے، اس سلسلے میں جیل کے گرد حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے۔ اس سلسلے میں جیل کے عقبی حصے میں کنکریٹ کے بلاک لگا کر مکمل دیوار بنا دی گئی ہے جبکہ مرکزی دروازے کی جانب مزید 2 سیکیورٹی بیریئر لگا دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ رینجرز نے سینٹرل جیل کے عقب میں قائم غوثیہ کالونی میں چھاپے کے دوران ایک مکان سے سرنگ برآمد کی تھی جو کہ سینٹرل جیل تک جا رہی تھی، دہشتگرد اپنے ہدف سے محض 10 میٹر دور تھے، دہشتگردوں کا منصوبہ جیل کی بیرک تک پہنچ کر اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا جسے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے مشترکہ طور پر ناکام بنا دیا تھا۔ گرفتار دہشتگردوں نے انکشاف کیا تھا کہ 7 محرم الحرام سے 10 محرم الحرام کے دوران ان کا ایک گروپ شہر میں دہشت گردی کی بڑی واردات کرتا اور اسی دوران جب تمام انتظامی مشینری کا رخ اس جانب ہو جاتا تو دوسرا گروپ سینٹرل جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھیوں کو چھڑا لیتا۔

منصوبے میں خود کش بمبار بھی شامل تھے، واقعے کے بعد سے تاحال سینٹرل جیل پر حملے کا خدشہ بدستور منڈلا رہا ہے۔ دہشتگردوں کے کئی ساتھی اب بھی قانون کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں جن کی تلاش میں جہاں ایک جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں تو دوسری جانب ملک کے دیگر صوبوں میں بھی ان کی تلاش میں ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ حملے کے پیش نظر حکام نے سینٹرل جیل کے گرد حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔ پی آئی بی کالونی کی جانب عقبی حصے میں جیل کی دیوار کے اندر اور باہر کنکریٹ کے بلاک لگا کر مکمل دیوار بنا دی گئی ہے جبکہ یونیورسٹی روڈ کی جانب پہلے ہی بم پروف دیوار تعمیر کی جا چکی ہے۔ عقبی حصے کی جانب پی آئی بی کالونی اور یونیورسٹی روڈ دونوں جانب بیریئر لگا کر سڑک کو بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا جبکہ متصل گلیوں پر بھی کنکریٹ کے بلاک لگا دیئے گئے ہیں۔

پولیس کی موبائل اور بکتر بند گاڑی بھی 24 گھنٹے حفاظتی ڈیوٹی پر مامور ہے۔ مرکزی دیوار کے ساتھ ساتھ واچ ٹاورز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے جن پر جدید اسلحے کے ساتھ اسنائپرز تعینات ہیں، اسنائپرز کو رات میں دیکھنے والی جدید دوربینیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ مرکزی دروازے پر بھی تعینات نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ مزید دو سیکیورٹی بیریئر بھی بنا دیئے گئے ہیں۔ رات کے اوقات میں جیل کے اندر گشت بڑھا دیا گیا ہے جبکہ جیل پولیس کے اہلکاروں کو بھی ایل ایم جی اور ایس ایم جی سمیت دیگر جدید اسلحہ فراہم کر دیا گیا ہے۔ علاقہ ڈی ایس پی ناصر لودھی نے میڈیا کو بتایا کہ جیل کے گرد پولیس کے گشت میں بھی غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے اور جیل کے حوالے سے پولیس ہمہ وقت چوکس ہے۔
خبر کا کوڈ : 417720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش