0
Saturday 8 Nov 2014 00:17

سائبر کرائم کے خلاف یورپین سیکورٹی ایجنسی اورایف بی آئی کا مشترکہ آپریشن

سائبر کرائم کے خلاف یورپین سیکورٹی ایجنسی اورایف بی آئی کا مشترکہ آپریشن
اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی سطح پر بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے یورپین سیکورٹی ایجنسی یورو پول اور ایف بی آئی نے امریکا اور یورپ میں سیکڑوں ڈارک ویب سائٹس کو بند کر کے 17 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یوروپول اور ایف بی آئی نے امریکا سمیت 16 یورپی ممالک میں مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران مشہور ڈارک ویب سائٹ سلک 2.0 سمیت 400 ویب سائٹس کو بند کر دیا گیا جب کہ 17 ویب آپریٹریرز کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جس میں 6 برطانوی باشندے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ڈارک ویب سائٹس وہ سائٹس ہیں جن تک روایتی انداز میں رسائی حاصل نہیں کی جا سکتی، بلکہ اس کے لیے مخصوص طریقہ کار اختیار کرنا پڑتا ہے اور یہ ویب سائٹس غیرقانونی کاموں اور کاروبار کے لیے استعمال کی جاتی ہیں، جب کہ یہ ویب سائٹس ہزاروں غیر قانونی مارکیٹس کے گھر بھی تصور کئے جاتے ہیں، یہاں غیر قانونی ادویات، بچوں کی نازیبا تصاویر کے کاروبار کے علاوہ شدت پسندوں کے عزائم کی بھی تکمیل ہوتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر یہ غیر قانونی ڈارک سائٹس کے خلاف بڑا مشترکہ آپریشن تھا، جس کا مقصد ڈارک ویب سائٹس کو روکنا ہے، گزشتہ سال آپریشن میں بڑی امریکی ڈارک ویب سائٹ ڈرگ بازار کو بند کر کے اس کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم اس اقدام کو ناکافی قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد ہی عالمی سطح پر آپریشن کا منصوبہ بنایا گیا، بند کی گئی بڑی امریکن ویب سائٹ سلک روڈ 2.0 گزشتہ سال لاؤنچ کی گئی تھی، جب کہ یہ سائٹ غیر قانونی ادویات کی خریدوفروخت کے لیے بدنام تھی، کریک ڈاؤن کے دوران ویب سائٹ کے مالک کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یوروپول کے سربراہ ٹرولز اورٹنگ نے بتایا کہ اس مشترکہ آپریشن کی بدولت جرائم کی مدد کرنےوالے اہم کرمنل انفراسٹرکچر کو توڑنے میں مدد ملی ہے، ان سائٹس کو نہ صرف بند کیا گیا ہے بلکہ ان جگہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جہاں مجرم خود کو بہت محفوظ سمجھتے تھے۔
خبر کا کوڈ : 418439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش