0
Sunday 9 Nov 2014 17:35

پولیو کے خاتمے کیلئے ایمرجنسی نافذ کی ہے تاکہ موذی مرض سے چھٹکارا ملے، مشتاق جدون

پولیو کے خاتمے کیلئے ایمرجنسی نافذ کی ہے تاکہ موذی مرض سے چھٹکارا ملے، مشتاق جدون
اسلام ٹائمز۔ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان مشتاق جدون نے کہا ہے کہ پولیو ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، جس کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو ملکر جہا د کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے ساتھ ملحقہ قبائلی علاقے ایف آر جنڈولہ کے دورہ کے موقع پر بیٹنی قبائلی عمائدین سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پولٹیکل ایجنٹ ایف آر ٹانک احمد خان وزیر، اے پی اے ایف آر ٹانک نصیر خان، ایجنسی سرجن ڈاکٹر عیسٰی خان سمیت دیگر محکموں سے تعلق رکھنے والے افسران بھی موجود تھے۔ مشتاق جدون نے کہا ہے کہ علماء کرام اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد پولیو کے خاتمہ کے لئے اپنا اہم کردارا دا کریں تاکہ ہم اپنی نسلوں کو اپاہج ہونے اور محتاجی سے بچا سکیں۔ پولیو جیسے موذی مرض کے وائرس پر قابو پانے کے لئے انتظامیہ اپنے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مرض نے ایک خطرناک صورت اختیار کر لی ہے اور اس مرض کے خاتمہ کے لئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ وہ والدین جو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے ہیں، ان کو چائیے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ وہ اپنے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے وائرس کے خاتمہ کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھا رہی اور اس کے لئے ایمر جنسی ڈکلئیر کر دی گئی ہے تاکہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے جتنی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے اتنی ہی ذمہ داری والدین پر بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بندو بستی اضلاع کی طرح فاٹا میں بھی پولیو سے بچاؤ کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے والدین، قبائلی عمائدین اورعلماء پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں اور پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ اس موقع پر ایف آر ٹانک کے قبائلی عمائدین نے پولیو کے خاتمہ کے لئے کمشنر کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبائلی عمائدین نے کمشنر ڈیرہ ڈویژن کو اپنے تمام مسائل سے آگاہ کیا جس پر کمشنر نے قبائلی عمائدین کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں کمشنر نے جنڈولہ میں قائم کالج اورہسپتال کا دورہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 418704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش