0
Wednesday 12 Nov 2014 23:45

وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونیکا فیصلہ کر لیا

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم سے رضاکارانہ طور پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونیکا فیصلہ کر لیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے منگل کے روز وفاقی حکومت کو پرائم منسٹر یوتھ لون پروگرام کے لیے مریم نواز کے بجائے کسی اور شخص کو چیئرمین مقرر کرنے کا موقع دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما زبیر نیازی کی درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین کو تبدیل ہونا ہوگا۔
تاہم جج نے کہا کہ عدالت حکومت کو قانونی اور شفاف انداز میں چیئرپرسن کو تبدیل کرنے کا موقع دینا چاہتی ہے۔ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر رحمان نے مریم صاحبہ کی تعلیمی اسناد عدالت کے سامنے پیش کیں تاہم پی ایچ ڈی کی ڈگری اعزازی ہونے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے یہ اسناد واپس لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے سامنے پیش کی جانے والی تفصیلات انٹرنیٹ سے حاصل کی گئی ہیں۔ تقرری کا دفاع کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ چیئرپرسن کا آفس پبلک آفس نہیں ہے جبکہ یہ ایک ’فوکل پرسن‘ کا کام سرانجام دے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرپرسن کا منصب فنڈز جاری کرنے کے عمل کو متاثر نہیں کرتا۔ بعد ازاں جج نے سماعت کو دو گھنٹوں کے لیے موخر کردیا اور قانونی افسر کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہدایت طلب کرنے کو کہا کہ کیا حکومت ان ہاؤس تبدیلی پر غور کرے گی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل تین بجے سے پہلے ہی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نواز شریف جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں اور جمعرات تک واپس آجائیں گے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ وزیراعظم کی واپسی تک کیس کو ملتوی کردیا جائے کیوں کہ عدالت کے سوال کے جواب میں وزیراعظم کا نقطہ نظر بہت اہم ہے۔
درخواست گزار کے کونسل نے درخواست کی مخالفت کی تاہم جج نے جمعے تک سماعت کو ملتوی کردیا اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کا حکم دیا کہ جمعے تک قانونی اور شفاف انداز میں تقرری کے حوالے سے میکانزم مرتب کیا جائے اور مریم نواز کی تمام تعلیمی اسناد بھی پیش کی جائیں۔

جبکہ دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز شریف نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئر پرسن وزیراعظم یوتھ لون پروگرام مریم نواز نے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے استعفے کے سلسلے میں وزیراعظم سے مشاورت بھی کی تھی۔ مریم نواز کا استعفٰی وزیراعظم ہائوس کو مل گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم سے رضاکارانہ طور پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے عہدے پر رہ کر پوری کوشش کی کہ ایک روپے کی بھی کرپشن نہ ہو. اُمید ہے یہ پروگرام اسی طرح مثبت طریقے سے جاری رہے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ ان کیلئے عہدے معنی نہیں رکھتے، ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ میرے لئے یہی اعزاز کافی ہے کہ میں نواز شریف اور اس قوم کی بیٹی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب احتجاج کا زمانہ گیا، ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔

واضع رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو 22 نومبر 2013ء کو وزیراعظم یوتھ لون پرگروام کی چیئرپرسن کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ بطور چیئرپرسن مریم نواز نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعوں کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کیا تاہم حال ہی میں ان کی تقرری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ مریم نواز شریف نے کسی بھی تنازع سے بچنے کے لئے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اپنا استعفٰی ایوان وزیراعظم کو ارسال کر دیا ہے جو وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد منظور ہوگا۔ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف کیس کی سماعت میں قرار دیا تھا کہ اگر حکومت مریم نواز کی تعیناتی پر نظر ثانی نہیں کرتی تو عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ حکومت جس کو مرضی تعینات کرے لیکن طریقہ کار پیش کرنا ہوگا۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ میرٹ کے برعکس مریم نواز کو اہم عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل میاں عرفان اکرم نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نے اپنے صوابدیدی اختیار کے تحت اعزازی عہدے پر مریم نواز کی تعیناتی کی۔ اعزازی عہدے کے لئے قواعد کی ضرورت نہیں ہوتی۔
خبر کا کوڈ : 419257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش