0
Saturday 15 Nov 2014 18:59

پاکستان کو اسلام سے دور نہیں رکھا جا سکتا، سراج الحق

پاکستان کو اسلام سے دور نہیں رکھا جا سکتا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو فوری طور مذاکرات شروع کر دینے چاہئیں، فریقین باہمی اعتماد کی فضا بنانے کیلئے نرم رویے کا مظاہرہ کریں اور معاملات کو الجھانے کی بجائے سلجھانے کی طرف دھیان دیں۔ حکومت الیکشن کمیشن کی تشکیل نو، انتخابی اصلاحات اور جوڈیشل کمیشن کے وعدوں پر عمل درآمد کرے، عمران خان، طاہرالقادری، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک، اسد عمر اور ان کے ساتھیوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اقدام غیر سیاسی فیصلہ ہے، جو موجودہ صورتحال میں جلتی پر تیل ڈالنے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت پروان چڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ یہ مقدمات سرے سے ختم کئے جائیں، حکومت دانشمندی کا ثبوت دے اور تلخیاں پیدا نہ کرے۔ سیکولر اور لادین قوتوں کی طرف سے پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو منہدم کرنے کیلئے کی جانے والی سازشیں ناکام ہوں گی۔ پاکستان کی بنیاد اسلام ہے، قائداعظم ؒ نے اپنی ایک سو سے زائد تقاریر میں واضح الفاظ میں پاکستان کا دستور قرآن اور اسلام کو ریاست کا مذہب قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تین سو سالہ دور غلامی میں انگریزوں نے اسلام کو مسجدوں تک محدود اور اقتدار کے ایوانوں سے دور رکھنے کا سبق پڑھایا۔ اب پاکستان کو اس کی منزل اسلامی انقلاب سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔ 21 تا 23نومبر مینار پاکستان سے تکمیل پاکستان کی تحریک کا آغاز کریں گے، ملک بھر سے لاکھوں خواتین، مرد اور بچے تحریک پاکستان کے جذبہ سے اجتماع میں شرکت کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم لڑانے کی بجائے جوڑنے کی بات کرتے ہیں، فریقین کو ٹھنڈے ماحول میں مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہئے اور عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل طے کرنا چاہئے، لڑنے میں ملک و قوم کے نقصان کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پرامن اور غیر مسلح اجتماع سے کسی کو نہیں روکنا چاہئے، آئین نے شہریوں کو آزادی اظہار رائے کا جو حق دیا ہے اس کو چھینا نہیں جا سکتا، اگر قانون عوام کو پرامن جلسہ جلوس کرنے کی اجازت دیتا ہے تو حکومت کو بھی کھلے دل اور خندہ پیشانی سے عوام کے اس حق کو تسلیم کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 419681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش