0
Saturday 15 Nov 2014 19:19
مجرم میں نہیں نواز شریف اور آصف زرداری ہیں

میاں صاحب سن لیں میں آپ سے بات کرنے پر تیار نہیں ہوں، عمران خان

نواز شریف ایک جانب مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو دوسری جانب پرچے کٹواتے ہیں
میاں صاحب سن لیں میں آپ سے بات کرنے پر تیار نہیں ہوں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ایک جانب مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو دوسری جانب پرچے کٹواتے ہیں، لہذا وہ سن لیں کہ عمران خان حکومت سے بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ساہیوال کے شہریوں سے سوال کیا کہ سترہ ماہ میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو اب کیا امید کی جائے۔ انہوں نے پاکستان کی سول سوسائٹی اور عدلیہ کو مخاطب کرکے سوال کیا کہ جب ایک جماعت دھاندلی کرکے اقتدار میں آئی ہے تو کیا کوئی ایسا نظام ہے جو انہیں اقتدار سے نکالے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام اپنے ووٹ سے کسی کو اقتدار میں نہ لاسکتی ہے اورنہ ہی نکال سکتی ہے تو پھر ایسی عوام اور جانوروں میں کیا فرق رہ گیا۔ انہوں نے مولانا رومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ایک قوم اچھے اور برے میں تمیز نہیں کرسکتی تو پھر پہلے اس کی اخلاقی موت واقع ہوتی اور پھر وہ قوم معاشی طور پر مرجاتی ہے۔ 
تحریک انصاف کے سربراہ کہتے ہیں کہ میاں صاحب ایک طرف تو وارنٹ جاری کرتے ہیں اشتہاری قرار دیتے ہیں دوسری جانب مذاکرات کی بات کرتے ہیں لیکن وہ سن لیں کہ میں آپ سے بات کرنے پر تیار نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجرم میں نہیں نواز شریف اور آصف زرداری ہیں جن کے خلاف عدالتوں میں حلف نامے جمع کرائے گئے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف زرداری کو متنبہ کیا کہ اگلے جمعہ سونامی لاڑکانہ آرہا ہے۔ انہوں نے ایم ڈی پی ٹی وی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوام ہر سال دس ارب روپے پی ٹی وی کو دیتے ہیں اور پھر بھی پی ٹی وی عوام کے بجائے حکومت کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے ساہیوال سے جڑی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ سولہ سال کی عمر میں انہوں نے یہاں پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔
خبر کا کوڈ : 419687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش